عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے زیر تعمیر صنعت نگر فلائی اوور کی سائٹ کا دورہ کیا اور پروجیکٹ کی مجموعی پیش رفت اور جاری کاموں کا موقع پر جائیزہ لیا ۔ ان کے ہمراہ ایم ایل اے چھانپورہ مشتاق احمد گورو ، چیف انجینئر آر اینڈ بی ، سپرنٹنڈنگ انجینئر ، ایگزیکٹو انجینئر اور آر اینڈ بی ڈپارٹمنٹ کے دیگر سینئر افسران تھے ۔ تفصیلی جائیزہ لیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے اور اسے اسی مہینے مکمل کر کے عوام کے نام وقف کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ سرینگر شہر میں ٹریفک کی روانی کو آسان بنانے اور سڑک رابطوں کو بہتر بنانے کیلئے کافی اہمیت کا حامل ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں تمام لٹکے ہوئے اور جاری پروجیکٹوں کو کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے ۔ بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے نوگام پُل کا بھی دورہ کیا تا کہ سڑک کی سہولت کی حالت کا معائینہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے انجینئرز کو ہدایت دی کہ عوام کی آسانی کیلئے ٹریفک کی ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنانے کیلئے مرمت اور دیکھ بھال کے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے عمل آوری ایجنسیوں کی تعریف کی اور ان سے کہا کہ وہ ترقیاتی کاموں کو طے شدہ مدت کے اندر مکمل کرنے کیلئے لگن اور ذمہ داری سے کام کریں ۔