سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیورائے بھٹناگر نے جموں وکشمیر سٹیٹ اِنڈسٹریل ڈیولپمنٹ کا رپوریشن (ایس آئی ڈی سی او ) اور جے اینڈ کے سمال سکیل اِنڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ( ایس آئی سی او پی )کی اِنتظامیہ سے کہا کہ جموںوکشمیر میں صنعتی بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے لئے ایک جامع ایکشن پلان مرتب کیا جائے۔مشیر راجیور ائے بھٹناگر نے یہ ہدایات یہاں سول سیکرٹریٹ میں سیڈ کو اور سیکاپ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔دورانِ میٹنگ اِن دونوں کارپوریشنوں کے آپریشنل اور مالیاتی پہلوئوں پر تفصیلی غور و خوض ہواتاکہ وہ صنعتی شعبے کی ترقی کے لئے ایکو سسٹم کو تشکیل دے سکیں۔مشیر موصوف نے سیڈکو کی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے کارپوریشن کی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ کارپوریشن کی مالیاتی عملداری کے لئے اِختراعی اور مؤثر طریقے سے ذرائع کا استعمال کریںکیوں کہ اس میں اُبھرتے ہوئے کاروباری اَفراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی زبردست گنجائش ہے۔اُنہوں نے کہا کہ کارپوریشن کا قیام یہاں چھوٹی ، درمیانی اور بڑی صنعتوں کے قیام ، فروغ اور ترقی کے مقصد کیا گیا ہے ۔ اِس لئے کارپوریشن کے اِس مقصد پر قائم رہنے کی ہماری کوشش ہونی چاہیے کیوں کہ یہ جموں وکشمیر کی معیشت میں نمایاں طور پر حصہ اَدا کرے گی۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اِنتظامیہ سے مزید کہا کہ وہ جموںوکشمیر میں غیر فعال صنعتی اسٹیٹس کو بحال کرنے کے لئے اَپنی کوششیںتیز کریں کیوں کہ اِس سے یہاں کے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔مشیرموصوف نے بڈگام میں این آئی ایف ٹی کیمپس ، آئی جی سی لاسی پورہ ( مرحلہ اوّل) پلوامہ میں اِنڈسٹریل اسٹیٹ کی اپ گریڈیشن اور مرکزی معاونت والی سکیم کے تحت وِلیج رَکھ امب تلی ، آئی جی سی سانبہ میں صنعتی اِنفراسٹرکچر کی ترقی جیسے پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ ان پروجیکٹوں پر کا م کی رفتار کو تیز کریں اور انہیں مخصوص وقت کے اَندر مکمل کریں۔اُنہوں نے نئی صنعتی اِکائیوں کے قیام کے سلسلے میں کارپوریشن کی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ زمین کی الاٹمنٹ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر کی جائے تاکہ یونٹ ہولڈروں کو مطلوبہ زمین کی الاٹمنٹ میں کسی قسم کی رُکاوٹ نہ آئے۔دورانِ میٹنگ مشیر موصوف نے کارپوریشن کی مالی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور اَفسران کو مختلف پروجیکٹوں میں مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے کی تاکید کی۔اِس دوران مشیر راجیورائے بھٹناگر نے سیکاپ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔مشیر موصوف نے ایم ڈی ایس آئی سی او پی پر زور دیا کہ وہ کارپوریشن کی خدمات کو برائے کار لانے کے لئے مختلف محکموں کے پاس بقایا جات کی وصولی کریں ۔ اُنہوں نے کارپوریشن کی اِنتظامیہ سے کہا کہ وہ اِس بقایا رقم کی بروقت وصولی کے لئے ان محکموں کے ساتھ باقاعدہ بات چیت کریں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری صنعت و حرفت محکمہ وویک بھرد واج نے میٹنگ کے دوران بات کرتے ہوئے دونوں کارپوریشنوں کی اِنتظامیہ کو سی اے جی کے ساتھ بروقت جمع کرنے کے لئے کھاتوں کے آڈِٹ کے عمل کو مکمل کرنے کا حکم دیا۔اُنہوں نے سیڈکو کی اِنتظامیہ سے یہ بھی کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ یونٹ ہولڈروں اور اِنڈسٹریل اسٹیٹس اَپنے معمول کے کاروبار کے دوران تمام قانونی تقاضوں پر عمل پیرا ہوں ۔دورانِ میٹنگ ایم ڈی سیڈ کو / سیکاپ نے دونوں کارپوریشنوں کی حصولیابیوں کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔