عظمیٰ نیوزسروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کٹھوعہ میں سپیریئر پالیمر اِنڈیا پرائیویٹ لمٹیڈ کے مینوفیکچرنگ یونٹ کا بذریعہ ورچیول موڈاِفتتاح کیا۔اُنہوںنے سپیریئر گروپ آف اِنڈسٹریز اور سپیریئر پالیمر اِنڈیا پرائیویٹ لمٹیڈ کے ممبران کو ان کے نئے منصوبے پر مُبارک باد دی اور اَپنی نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اِس گرین فیلڈ منصوبے کا آغاز ایک اہم سنگ میل ہے جس سے مقامی معیشت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور خطے کی صنعتی ترقی کے لئے ایک اہم قدم ہوگا۔اُنہوںنے کہا،’’ جموںوکشمیرمیں مینوفیکچرنگ کا شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اورصنعتی ترقی کے لئے آج کا یہ منصوبہ ہمارے عزم کا مظہر ہے ۔ یہ آتم نربھر جموں و کشمیر کے مشن کومزید ترقی دے گا‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بات کا اعادہ کیاکہ جموںوکشمیر میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی رہنمائی میں صنعتی شعبے کی ترقی کے لئے حکومت پُرعزم ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ہم نے صنعتی شعبے کے لئے تربیت یافتہ ورک فورس کو یقینی بنایا ہے۔ ہم نے معاشرے کے پسماندہ طبقوں کو بااِختیار بنا کر ہنر مند اَفرادی قوت کو وسعت دی ہے۔ صنعتی ماحولیاتی نظام کی تعمیر کے بعد ہماری ہینڈلوم اور ہینڈی کرافٹ کی برآمدات میں اِضافہ ہوا ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں متعارف کی گئی ترقی پسند صنعتی پالیسی اور کئی کلیدی اقدامات نے جموں و کشمیر میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کیا ہے اور نجی سرمایہ کاری کو راغب کیا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ہم نے صنعتوں کی ترقی کے لئے یک سازگار ماحول قائم کیا ہے جو ہمہ جہتی ترقی کو ممکن بنا رہا ہے۔ ہماری کوششیں اَب ثمر آور ثابت ہو رہی ہیں کیوں کہ کئی صنعتی یونٹوں نے کام شروع کیا ہے اور بہت سی سرمایہ کاری کی تجاویز زیر غور ہیں۔‘‘یہ یونٹ 75 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے قائم کیا گیا ہے جس سے روزگار کے سینکڑوں مواقع پید ا ہوں گے ۔اِس موقع پر کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وکرم جیت سنگھ ،ڈائریکٹر صنعت و حرفت جموں ڈاکٹر ارون کمار منہاس،چیئرمیں سپیر یئر گروپ آف اِنڈسٹریز پردیپ گروال، وائس چیئرمین وِشال اگر وال،سی اِی او آشش سیٹھی ،چیف ہیومن ریسورس آفیسر ڈاکٹر سنیل کمار مشرا اور سپیریئر گروپ آف اِنڈسٹریز و سپیریئر پالیمر اِنڈیا پرائیویٹ لمٹیڈ کے دیگر ممبران موجود تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ راکیش منہاس اور دیگر اَفسران نے بذریعہ ورچیول موڈ اِس تقریب میں شرکت کی۔