نئی دہلی //دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے آج دہلی کے مختلف صنعتی علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔وزیر اعلی نے صنعتی علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام صنعتی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح یہ ہے کہ دہلی کے اندر تمام صنعتی علاقوں میں لوگوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ صنعتی علاقوں میں کسی بھی طرح کے زیر التوا ترقیاتی کام جلد سے جلد مکمل کیے جائیں اور کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دی جائے ، تاکہ فیکٹری چلانے والے اور وہاں جانے والے لوگوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ کجریوال نے ڈی ایس آئی آئی ڈی سی کے مختلف صنعتی علاقوں میں سیور سسٹم اور سڑکوں وغیرہ کے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے دہلی سکریٹریٹ میں وزیر صنعت ستیندر جین کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔ میٹنگ میں ڈی ایس آئی آئی ڈی سی کے عہدیدار بھی موجود تھے ۔ اس دوران ، وزیر اعلی نے منگولپوری انڈسٹریل ایریا ، پٹپڑ گنج انڈسٹریل ایریا ، مایاپوری ، ادیوگ نگر ، اوکھلا ، جھنڈے والان، لارنس روڈ ، کیرتی نگر ، جی ٹی کرنال روڈ ، بھور گڑھ ، بوانہ فیز-2 میں ڈرین اور سڑکوں کے کاموں کا جائزہ لیا۔