سرینگر// فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ نے امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے تحریک آزادی کشمیرکے نامور سالار اور معروف کشمیری حریت پسند رہنما، حزب المجاہدین کے کمانڈر ان چیف اور کشمیر متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دئے جانے کے عمل کو بدبختانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس طرح کے اعلانات یا اقدامات سے تحریک آزادی کشمیر متاثر ہونے کا کوئی شائبہ تک نہیں البتہ امریکہ کا دنیا میں چل رہی تحاریک آزادی سے متعلق ان کے علم سے متعلق خطرناک حد تک سقم پایا جاتا ہے ۔انھوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ صلاح الدین کو Global Terrorist لسٹ میں شامل کرنا اس بات کا غماز ہے کہ امریکہ نے جان بوجھ کر حق و انصاف پر مبنی تحریک کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کرتے ہوئے ایک جانب امریکی ہتھیاروں کے لئے ایک اور خریدار ڈھونڈ لیا اور دوسری جانب اپنی چودھراہٹ قائم کرنے کے لئے تھانیدار بنتا پھر رہا ہے ۔شبیر احمد شاہ نے صاف الفاظ میں کہا کہ ہماری تحریک کو سرٹفکیٹ یا کسی کی سند کی ضرورت نہیں البتہ ہمیں اس بات کا احساس ضرور ہوا کہ امریکی انتظامیہ دنیا بھرمیں سرکاری سطح پر دہشت گردی کو ختم کرنے کے بجائے اور مقامی سطح پر ظلم و ستم کے خلاف مظلوموں کا ساتھ نبھانے کے بجائے ان لوگوں کی پیٹھ تھپتھپارہ ہے ہیں جنھوں نے سرکاری منصب کا استعمال کرتے ہوئے ماﺅں کے بطن میں پل رہے بچوں تک کو بھی نہ بخشا۔انھوں نے کہا کہ سید صلاح الدین مقامی سطح پراور ریاست پر بھارتی غلبے اور قبضے کے خاتمے کے لئے جدجہد کررہے ہیں اور ریاستی عوام پر جاری جور و جبر کے خاتمے کے لئے سیاسی سطح پراپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔اس دوران سالویشن مومنٹ کے سربراہ ظفراکبربٹ نے سیدصلاح الدین کیخلاف امریکی اقدام کوبلاجوازقراردیتے ہوئے واضح کیاہے کہ کشمیریوں کی جدوجہدکادہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے سوالیہ اندازمیں کہاکہ سال2000میں حکومت ہندنے حزب المجاہدین کے نمائندہ کردارکوخودتسلیم کیاتوتنظیم کاسربراہ کیسے دہشت گردہوسکتاہے ۔۔انہوں نے کہاکہ سید صلاح الدین یا وطن عزیز کی آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والے دہشت گرد نہیںبلکہ ایک ایسے حق کے لئے جستجو کررہے ہیں جس کی ضمانت اقوام عالم نے دی ہے دریں اثناءامریکہ کی طرف سے یونائیٹڈ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دئے جانے کو رد کرتے ہوئے دختران ملت نے کہا ہے کہ امریکہ بھارت اور اسرائیل دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں جن کے ہاتھ مسلمانوں کے لہو سے رنگے ہوئے ہیں۔تنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ یہ مقام حیرت کا ہے کہ مودی اور ٹرمپ کی ملاقات سے قبل امریکہ اس بے وقوفانہ حکم نامہ کو جاری کرتا ہے۔اس حکم نامے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
امریکی اعلان ناقابل قبول:جہاد کونسل
سرینگر//متحدہ جہاد کونسل نے کہا ہے کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں پر گذشتہ 70سال سے عمل نہیں کیا ، جس کی وجہ سے کشمیری عسکریت پسندوں نے بھارت کے فوجی قبضے کے خلاف جدوجہد شروع کی ۔ایک بیان میں کہا گیا کہ بیرونی قبضے کے خلاف اور آزادی کے حق میں جاری تحریک آزادی امریکہ کے کہنے سے دہشتگردی کے زمرے میں نہیں آ سکتی۔جہاد کونسل نے امریکہ کی جانب سے جہاد کونسل کے چیئرمین اور حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو عالمی دہشت گردقرار دینے کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو جائز قرار دے کر دنیا میں ظلم اور ناانصافی کو فروغ دے رہا ہے جو ابراہیم لنکن اور جارج واشنگٹن کی پالیسیوں سے انحراف ہے جو کہ امریکی عوام کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ جہاد کونسل کے سیکریٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے کہا کہ کشمیری آزادی پسندوں کودہشت گرد قرار دے کر امریکہ صرف اپنے مفادات کے لئے ظلم وجبرکو جائزسمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے۔ جنگجوﺅں کا ٹارگٹ صرف بھارتی فورسز ہیں۔کشمیری مجاہدین خواتین، بچوں، نہتے لوگوں، کسی بھی مذہب، رنگ، نسل، ملک کو نشانہ نہیں بناتے بلکہ ہمارا مقصد صرف ریاستی دہشتگردی اور اس کے ناجائز فوجی قبضے کے خلاف آزادی کی جدوجہد ہے۔ یہ ہم ہر صورت میں جاری رکھیں گے۔ بھارتی فورسز امریکہ، اسرائیل اور دیگر ممالک کے ہتھیار اور جنگی ٹیکنالوجی کشمیر کے نہتے لوگوں کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ امن پسند دنیا کو اس کو بھی نوٹس لینا چاہیئے۔شیخ جمیل الرحما ن نے کہا کہ سید صلاح الدین کشمیر کی آزادی کی تحریک کے ہیرو ہیں۔امریکی بیان کشمیریوں کے قتل عام اور نسل کشی کو جائز قرار دینے اور بھارت کو خوش کرنے کی کڑی ہے جو عالمی امن اور انصاف اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ساتھ متصادم ہے۔ امن و انصاف پسند دنیا کو بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور genocide کو جائز قرار دینے کی کوشش کا نوٹس لینا چاہیئے۔ انہوں نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ مسلہ کشمیر کے ایک فریق اور وکیل کے طور پر دنیا کو حقائق بتانے میں سستی کا مظاہرہ نہ کرتے ہوئے جارحانہ سفارتی مہم شروع کرے۔
امریکی اقدام کیخلاف مظفر آباد میں احتجاج
مظفرآباد//متحد ہ جہاد کونسل کے سربراہ اور کشمیری حریت پسند تنظیم حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین احمدکو امریکہ کی طرف سے دہشت گرد قرار دئے جانے کے خلا ف مظفرآباد میں پاسبان حریت کے زیر اہتمام زبردست احتجاج کیا گیا۔موصولہ بیان کے مطابق سینکڑوں کی تعداد میں لوگ امریکی اقدام کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے اوربرہان وانی چوک میں احتجاجی اجتماع سے امریکہ اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ پاسبان حریت کے سربراہ عزیراحمد غزالی نے کہا کہ کشمیر میں جاری تحریک اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے۔انہوں نے کہا”جموں کشمیر کے لوگ اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں“۔ حزب المجاہدین کے رہنما محمد اصغررسول اور تحریک المجاہدین کے عبدالشکورآزاد نے کہاکہ صلاح الدین کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہے اور بھارت سازشوں میں کامیاب نہیں ہوسکتا ۔احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعزیز علوی اور شیخ عقیل الرحمان نے کہا کے امریکہ کو کشمیر میں بھارتی مظالم نظر نہیں آتے اور کشمیرمیں عالمی طاقتوں کی خاموشی نے بھارتی مظالم کو تقویت پہنچائی ہے ۔ احتجاجی مظاہرین بعد میں مرکزی شاہراہ پر مارچ کرتے ہوئے گھڑی پن چوک تک پہنچے جہاں انہوں نے بھارتی پرچم نذر آتش کیا ۔ادھر حزب المجاہدین کے سالار اعلیٰ سید صلاح الدین کو امریکی حکومت کی طرف سے عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ اپنے پیدائشی حق اور تسلیم شد ہ حق خود ارادیت کی جدوجہد کرنے والوں کو دہشتگرد قرار دینا حق و حقیقت کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور ظلم وبربریت کانتیجہ ہے کہ کشمیری نوجوان مسلح جدوجہد کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوئے۔ آغا حسن نے کہاکہ ایسے امریکی فیصلوں سے مظلوم اقوام کی جدوجہد پر کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوسکتا۔