ارشاد احمد
گاندربل // صفاپورہ سمبل سے ملحقہ کوہستان کالونی میں پیر کو ایک المناک واقعہ میں پتھر کی کان کا ایک حصہ گرنے سے 25سالہ مزدور ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔عینی شاہدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 11بجکر 5منٹ پر پتھر کی کان میں پتھروں کا ایک بہت بڑا حصہ گرگیا جس کے نتیجے میں مقامی مزدور 25 سالہ خورشید احمد لہروال ولد غلام حسن ساکن کوندہ بل مانسبل پتھروں کے نیچے دب کر موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا۔ اس کا ساتھی 50 سالہ غلام نبی لہروال ولد عبدالغفار ساکن کوندہ بل زخمی ہوگیا اور دونوں کو اگرچہ فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا گیا لیکن ڈاکٹروں نے خورشید احمدکو مردہ قرار دیا۔ دوسرے مزدور کو مزید علاج کیلئے میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ چار برسوں میں پتھروں کی کان کنی کے دوران اب تک 5 افرادزندہ دب کر لقمہ اجل بن گئے ہیںجبکہ جموں کشمیر ہائی کورٹ کی جانب سے ہر طرح کی کان کنی پر روک لگا دی گئی ہے۔