عظمیٰ نیوز سروس
جموں//بھارت کو صاف ستھرا بنانے کی اجتماعی کوشش کے تحت جموں و کشمیر بی جے پی کے کیڈر نے جموں و کشمیر کے پورے خطے میں “سوچھ بھارت ابھیان” شروع کرکے سوچھ بھارت مہم میں حصہ لیا۔جے اینڈ کے بی جے پی کے صدر رویندر رینا نے باہو قلعہ اور دیگر علاقوں میں سوچھ بھارت ابھیان کی قیادت کی۔ انہوں نے گلیوں، آبی ذخائر اور ندی نالوں کو گندگی اور کچرے سے صاف رکھنے کے لیے عوام میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے پارٹی کیڈر سے کہا کہ وہ حفظان صحت، صفائی کا جذبہ پیدا کریں اور خود کو غیر صحت مند حالات سے بچائیں۔ انہوں نے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی کہ وہ لوگوں کو اپنے اردگرد کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے ترغیب دیں۔جنرل سکریٹری تنظیم اشوک کول نے لداخ میں سوچھ بھارت ابھیان کی قیادت کی۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ سوچھ بھارت ابھیان ہماری اندرونی روح کی بیداری ہے اور ہماری آس پاس کی طاقتوں سے جڑنا ہے، انہوں نے کہا کہ سوچھ بھارت ابھیان بھارت کا چہرہ بدل رہا ہے اور آنے والے دنوں میں ہمارا ملک دنیا کے صاف ترین ممالک میں سے ایک کے طور پر سامنے آئے گا۔ جنرل سکریٹری بی جے پی جموں و کشمیر، ڈاکٹر دیویندر کمار منیال نے سانبہ ضلع میں سوچھ بھارت ابھیان کو انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی بھی خدا پرستی کے مترادف ہے اس لئے ہم سب کو اپنے اردگرد کو روزانہ کی بنیاد پر صاف رکھنے کو اپنی بنیادی عادت بنانی چاہئے۔پریا سیٹھی نے جموں کے زنانہ پارک میں سوچھ بھارت ابھیان کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول صاف ذہن اور اچھے خیالات کی نشوونما کا باعث بھی بنتا ہے۔