نیوزڈیسک
جموں// عام لوگوں کے لیے ایک بڑی راحت میں، صفائی کرمچاری یونین، جس نے 24 اپریل سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی کال دی تھی،ڈویژنل کمشنر جموں کے ساتھ طویل بحث کے بعد عوامی مفاد میں اپنی ہڑتال ختم کر دی ہے۔یہ فیصلہ دیر رات ڈویژنل کمشنر آفس جموں میں ہونے والے مذاکرات کے دوران لیا گیا۔ ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز بھی موجود تھے۔یہ تمام صفائی ملازمین صوبہ جموں کے مختلف اربن لوکل باڈیز کے تحت کام کر رہے ہیں۔یونین کے صدر نے دیگر ممبران کے ساتھ ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لینگر سے ملاقات کی اور انہیں اپنے دیرینہ مطالبات سے آگاہ کیا۔ یونین نے ڈویژنل کمشنر کو مطالبات کی یادداشت بھی پیش کی ہے۔اہم مطالبات ایس آر او 64 کے تحت ریگولرائزیشن، کم از کم اجرت ایکٹ کا نفاذ، پرانی پنشن سکیم کا نفاذ وغیرہ تھے۔صوبائی کمشنرنے ان کے مطالبات کو صبر سے سنا اور کہا کہ 10 دنوں کے اندر اعلیٰ حکام کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جائے گی تاکہ ان مطالبات کا جائزہ لیا جائے، جو کہ حقیقی ہیں ۔