سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں کشمیر کی وحدت،انفرادیت اور صدیوں پرانے بھائی چارے کی روایت قائم و دائم رہنے سے ہی اس خطے کی پہچان قائم رہ سکتی ہے۔ پٹنی ٹاپ اور بٹوت سے تعلق رکھنے والے پارٹی لیڈراں و عہداروںسے خطاب کے دوران ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ صرف اور صرف جموں کشمیر کے پشتنی باشندے ہی ووٹ کے حق دار ہیں۔ان کا کہنا تھا’’ ہم نے ہمیشہ جمہوریت اور آئین پر بھروسہ کیا۔‘‘ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ آئین کے تحت ہی جموں کشمیر کو خصوصی درجہ ملا ہے اور آئین کے تحت ہی جموں کشمیر کی آئینی حیثیت کو بحال کرنے کیلئے اس وقت جموں کشمیر کے تمام لوگ برسر جدوجہد ہے۔نیشنل کانفرنس کے صدر نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بحال کیا جانا چاہے۔بیان کے مطابق اس سے قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کل جماعتی میں میٹنگ میں کہا کہ جموں کشمیر مین کسی بھی غیر ریاستی باشندے کو ووٹ کا حق حاصل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ18برس کے نوجوانوں کو ووٹر فہرست میں اندراج کیا جانا چاہے۔اس موقعہ پر پارٹی کے صوبائی صدر جموں رتن لال گپتا ،ممبر پارلیمنٹ جسٹس(ر) حسنین مسعودی،سجاد شاہین، سجاد کچلو، چمن لعل گپتااور شمشاد شان بھی موجود تھے۔