سرینگر// فریڈم پارٹی نے یروشلم کو صیہونی اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبد اللہ طاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کا یہ فیصلہ فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قرار دادوں کے عین برعکس ہے۔طاری نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا فیصلہ نفرت اور انتقام پر مبنی ہے جس سے نہ صرف متعلقہ خطے ،بلکہ پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑ سکتا ہے جس سے تباہی اور بربادی کے سوا کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا ۔مولانا طاری نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ آپسی اختلافات بھلاکر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں تاکہ امریکی و اسرائیلی سازشوں کا توڑ کرنے میں مدد مل سکے۔انہوں نے کہا کہ آزاد فلسطین مشرق وسطیٰ کے اندر امن اور سلامتی پیدا کرے گا اور اس سے مقدس شہر میں رہنے والے مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے لوگوں کے مابین خیر سگالی بھی پیدا ہوگی۔مولانا طاری کا کہنا تھا کہ فلسطین سے متعلق فریڈم پارٹی کے محبوس قائد شبیر احمد شاہ کا مؤقف بھی حق اور انصاف کی بنیاد پر ہی قائم ہے۔ اُن کا ماننا ہے کہ مسئلہ فلسطین اور تنازعہ کشمیر دنیا کے سامنے طویل ترین تنازعات ہیں اور دونوں سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پاس کردہ قرار دادوں کا احترام کیا جانا چاہئے۔