جموں//نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے آج ہری سنگھ پلیس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران 18؍ اپریل 2018ء کو صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے دورے کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ ریاست میں صدر جمہوریہ کے دورے کے سلسلے میں ضروری انتظامات کو حتمی شکل دیں اور اس دورے کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔وائس چیئرپرسن ایڈوائزری بورڈ فار ڈیولپمنٹ آف او بی سیز ، ایڈیشنل ڈائریکٹر آف پولیس سیکورٹی ، ڈویژنل کمشنر جموں ، آئی جی پی جموں رینک ، ڈی سی جموں ، مختلف محکموں کے سربراہاں اور سینئر افسروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔نائب وزیر اعلیٰ نے مختلف محکموں پر زور دیا کہ وہ آپسی اشتراک اور تال میل قائم رکھتے ہوئے سیکورٹی ودیگر انتظامات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے اس موقعہ پر تمدنی پروگرام منعقدکرانے کی بھی ہدایت دی۔