محمد تسکین
بانہال// قریب پندرہ روز تک جاری رہنے والی الیکشن مہم کے بعد پیر کے روز صدر بیوپار منڈل کیلئے انتخابات عمل میں لائے گئے اور صدر کے عہدے کیلئے تین امیدواروں ہر مشتمل اس الیکشن میں شاداب احمد وانی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ بیوپار منڈل بانہال کے صدر کے عہدے کیلئے کئی بار بیوپار منڈل کے صدر رہ چکے شاہنواز خان ، یاسر علی ملک اور شاداب احمد وانی مقابلے میں تھے ۔قریب نو سو رجسٹرڈ دکانداروں پر مشتمل بیوپار منڈل بانہال کے انتخابات کیلئے راشد احمد جیلانی کو الیکشن کمیشن مقرر کیا گیا تھا جبکہ اس الیکشن کا پر امن انعقاد کیلئے انتظامیہ نے سیکورٹی کے انتظامات رکھے تھے اور پولیس اور سول انتظامیہ کے حکام اس الیکشن کی از خود نگرانی کر رہے تھے۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کے علاؤہ کمیشن کے عہدیدار محمد امین وانی ، رضوان احمد ، طارق احمد شان ، سابقہ صدر بیوپار منڈل بانہال خواجہ شمس الدین راہی ، سابقہ صدر اور نئے منتخب صدر کے تاجر والد نصیر احمد وانی ، این جی او بانہال والنٹیئرس کے صدر ادریس احمد وانی اور جنرل سیکریٹری سید مدثر احمد وغیرہ موجود تھے۔ ٹریڈرس یونین بانہال کی طرف سے تعینات کئے گئے الیکشن کمیشن راشد جیلانی نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن پر امن طور اور دوستانہ ماحول میں اپنے اختتام کو پہنچے اور وہ اس کامیابی کیلئے تمام دکاندار برادری ، ایس ڈی ایم رضوان اصغر ، تحصیلدار بانہال امتیاز احمد ، ایس ڈی پی او منجیت سنگھ ، ایس ایچ او بانہال عاشق بخاری اور الیکشن کمیشن کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس الیکشن کیلئے کل 875دکاندار ووٹ دینے کے اہل تھے اور ان میں سے 765 دکانداروں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں شاداب احمد وانی نے سب سے زیادہ 425ووٹ حاصل کرکے اپنے نزدیکی مد مقابل یاسر علی کو 163ووٹ کے فرق سے شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ شاداب احمد وانی نے 425 ، یاسر علی ملک نے 262جبکہ شاہنواز احمد خان نے 69ووٹ حاصل کئے ہیں اور نو ووٹوں کو رد کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ٹریڈرس فیڈریشن یا بیوپار منڈل بانہال کے نئے منتخب صدر شاداب احمد وانی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ وہ تمام دکانداروں اور پولیس و سول انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ان کے مکمل تعاون سے الیکشن خوشگوار ماحول میں اپنے انجام کو پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ قصبہ بانہال اور یہاں کام کرنے والے دکانداروں کی فلاح و بہبود اور بہتری کیلئے کام کرینگے اور اس کیلئے وہ تحصیل و ضلع انتظامیہ کے ہر ممکنہ تعاون سے مختلف بنیادی مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کی کوشش ترجیحی بنیادوں پر کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بانہال میں بس سٹینڈ ، لوگوں کے بیٹھنے کیلئے پارک ، صفائی ستھرائی اور اسے خوبصورت و جاذب نظر بنانے کیلئے انتظامیہ کی مدد لیتے رہیںگے تاکہ شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال کو خوبصورت بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام دکانداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور وہ ووٹ دینے اور نہ دینے والوں کیلئے ہر وقت حاضر خدمت ہوں گے ۔