سرینگر//تحریک حریت نے تنظیم کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی اور محمد اشرف لایا کو گھروں میں نظربند کرنے اور عاشق حسین نارچور اسلام آباد کے گھر پر پولیس کی بھاری جمعیت کی طرف سے چھاپہ ڈال کر گھروالوں کو ہراساں کرنے کی کارروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان نظربندیوں اور چھاپوں کا کوئی جواز نہیں ہے۔ تحریک حریت نے کہا کہ 15دسمبر کے اسلام آباد چلو پروگرام کو فوجی طاقت کی بنیاد پر روکنے کے حربوں سے تحریک آزادی کا جذبہ ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔ پُرامن پروگرام کے انعقاد کو فوجی طاقت پر روکنے کے حربے حکومت کا اعتراف شکست ہے۔ تحریک حریت نے کہا کہ عاشق حسین نارچور کے گھر پر رات کے وقت فورسز نے چھاپہ ڈال کر اہل خانہ کو خوف وہراس کا شکار بنایا۔ لواحقین کے مطابق اہل خانہ سخت خوف اور انتشار کے شکار ہیں۔