مظفرآباد // حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ محمد اشرف صحرائی کی بحیثیت چیئر مین تحریک حریت تقرری مبارک و مستحسن اقدام ہے۔ اسکے کشمیر پر مثبت اثرات پڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ محمد اشرف صحرائی کی پوری زندگی اسلام اور آزادی کے لئے و قف رہی ہے اور ان میں قائدانہ صلاحیتیں بدرجہ اَتم موجود ہیں ۔امید ہے کہ سید علی گیلانی کی سر پرستی میں اشرف صحرائی تحریک آزادی کشمیر کو منزل سے ہمکنار کرنے میں بھر پور کردار ادا کرنے میں انشاء اللہ کامیاب ہونگے ۔ صلاح الدین نے کہا کہ مسلمہ اور جانثار قیادت ہی موجودہ جدوجہد کو منزل پر لیجانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور کشمیری قوم اس معاملے میں بانجھ نہیں ہے ۔تاریخ گواہ ہے کہ1947ء سے با لعموم اور1989ء سے با الخصوص کشمیر ی قوم نے بے مثال قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے ۔جہاد کونسل سربراہ نے اس یقین و عزم کا اظہار کیا کہ حریت پسند عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی انشاء اللہ آزادی کا سورج ضرور ارض جنت کشمیر میں طلوع ہو گا ۔ سید صلاح الدین نے اپنے بیان میں معروف صحافی ،مصنف اور شاعر ،مقبول ساحل کی اچانک موت پر رنج غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ہمیشہ ریاستی دھشت گردی کا شکار رہے لیکن اپنے موقف پر وہ ہمیشہ ڈٹے رہے ۔انہوں نے مقبول ساحل کی بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی.