نئی دہلی// نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ گذشتہ شام یہاں انڈیا ٹوڈے گروپ کی جانب سے منعقدہ ’ایجنڈا آج تک‘ تقریب کے دوران اس وقت شدید غصے میں آگئے جب صحافی پونیہ پرسون باجپائی نے عبداللہ سے پوچھا کہ کیا وہ خود کو بھارتی شہری مانتے ہیں‘ تو وہ شدید غصے میں آگئے اور کہنے لگے ’کیا آپ کو اس پر کوئی شک ہے۔ مجھے اپنے ہندوستانی ہونے پر شک نہیں ہے۔ کیا آپ سامعین میں کسی سے پوچھیں گے کہ آپ ہندوستانی ہیں یا نہیں۔ آپ کو یہ پوچھنے کا کس نے حق دیا ہے ۔ آپ کی یہ پوچھنے کی ہمت کیسے ہوئی؟ آپ کو یہ بیماری لگ گئی ہے۔ آپ کو ماہر نفسیات کے پاس جانا چاہیے۔ مجھے چیلنج کرنے کی ہمت مت کرو‘۔ یہ پوچھے جانے پر ’کشمیریوں کو ملک کے دوسرے حصوں میں شک کی نظر سے دیکھنے کے سلسلے پر بریک لگانے کی سمت میں کیا کرنا ہوگا تو فاروق عبداللہ کا جواب تھا ’راستہ ایک ہی ہے کہ آپ اپنے دل سے یہ بات نکال لیجئے کہ ہم ہندوستان نہیں ہیں۔ جس دن آپ یہ اپنے دل سے نکال لیں گے، اس دن کسی کشمیریوں کو شک کی نظر سے دیکھنا بند ہوگا۔ اس شک نے آپ لوگوں کو ماراڈالا ہے۔ یہ شک ہے یا سیاست، یہ تو آپ لوگ ہی جانتے ہو۔ تم لوگوں نے تو بہت سیاست کھیل لی ہے‘۔