عظمیٰ نیوزسروس
جموں//مہور کے دلدوز حادثے میں ضلع ریاسی کے مہور علاقے سے تعلق رکھنے والے صحافی زاہد ملک کے جیجا جی منظور احمد اور انکی گیارہ سالہ بھانجی الفت جان بھی لقمہ اجل ہوئے جبکہ زاہد ملک کی ایک بھانجی نوسالہ ارتقا زخمیوں میں شامل ہے۔ اس حادثے کی نسبت سے ریاسی ، رام بن اور وادی کے کئی صحافیوں نے زاہد ملک شہربین رپورٹر اور ان کے کنبے سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے تمام مرحومین کے حق میں اللہ رب العزت سے جنت نشینی اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی گئی ہے اس کے علاہ پروگرام شہربین سے وابستہ نامہ نگاروں نے بھی زاہد ملک سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ جرنلسٹ ایسوسی ایشن رام بن نے بھی دکھ کی اس گھڑی میں زاہد ملک سے اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تمام مہلوکین کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ہے۔
مہور حادثہ پر کانگریس مغموم
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جے کے پی سی سی نے ضلع میں مہور کے گنجوٹ علاقے کے قریب ہونے والے المناک حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔پارٹی کی جانب سے ایک تعزیتی پیغام میں ترجمان اعلیٰ رویندر شرما نے اس سانحہ پر گہرے صدمے کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں اور لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے سکون اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔کانگریس پارٹی نے حادثے کے متاثرین کو مناسب ایکس گریشیا ریلیف دینے کے علاوہ شدید زخمیوں کو خصوصی علاج کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔