ایم ایم پرویز
رام بن// بانہال کے شیر بی بی علاقے میں حال ہی میں کھولے گئے 244 میٹر فلائی اوور کے متوازی دو سرے دو گلیاروں والے فلائی اوور پر کام شروع ہوگیا ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ شیربی بی کے علاقے میں یہ اضافی دو لین وایاڈکٹ رام بن اور بانہال حصوں کے درمیان جاری چار لین پراجیکٹ کا حصہ ہے۔ اس کے مکمل ہونے کے بعد روزانہ اس راستے سے گزرنے والے سینکڑوں گاڑی چلانے والوں کو ٹریفک کے مسائل سے نجات ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سے سڑک کے رابطے میں مزید بہتری آئے گی اور سری نگر جموں قومی شاہراہ پر سڑک نقل و حمل کو فروغ ملے گا۔این ایچ اے آئی کی طرف سے مصروف تعمیراتی کمپنی کے انجینئروںنے بتایا کہ اس جگہ پر عملہ اور مشینری تعینات کر دی گئی ہے اور اضافی دو لین شیربی بی وایاڈکٹس کے دونوں طرف ستونوں کی تعمیر کے لئے کھدائی کا کام بیک وقت شروع کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس اضافی دو لین وایاڈکٹ پر پہلے ہی کچھ ستون بنائے گئے ہیں۔تعمیراتی کمپنی CPPPL کے مینیجر نے کہا کہ، یہ چار لین سڑک کے منصوبے کا دوسرا دو لین وایاڈکٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام تیز رفتاری سے شروع کیا گیا ہے۔قبل ازیں پیر کو مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری نے اعلان کیا کہ جموں و کشمیر میں، ہم نے 12 کروڑ کی تخمینہ لاگت کے ساتھ شیربی بی میں 224 میٹر کے دو لین وائڈکٹ کی تعمیر مکمل کر لی ہے۔ اس اعلان کے بعد حکام نے تمام ٹریفک کو اس وائی ڈکٹ کے ذریعے موڑ دیا اور دو لین کے اضافی وایاڈکٹ پر کام شروع کر دیا گیا۔