شیرباغ اننت ناگ اور سوپور میںآتشزدگی وارداتیں

اننت ناگ+سوپور//شیر باغ اننت ناگ میں آگ کی ایک واردات میں 3کمپلیکس اور ایک پنڈت آشرم کو نقصان پہنچا ہے ۔پیر اور منگل کی درمیانی رات کواننت ناگ ضلع کے شیرباغ علاقے میں ایک پنڈت آشرم کے علاوہ تین کمپلیکس آگ کی ایک واردات میں تباہ ہوئے، جس میں ایک شاپنگ اور رہائشی کمپلیکس بھی شامل ہے۔آگ را ت کو12بجکر40منٹ پرلگی اور اس کے فوراً بعد ہی قریبی عمارتوں میں پھیل گئی۔ یہاں تک کہ جب لوگ اور مشینری جائے وقوع پر پہنچی تو آگ ایک بڑے علاقے میں پھیل چکی تھی جس کی وجہ سے محکمہ کے لیے قابو پانا مشکل ہو گیا ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم از کم تین کمپلیکس، ایک پنڈت آشرم اور فلوریکلچر محکمہ کے ایک ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا۔ادھر  سوپورمیں پیر کی شام کو آگ کی ایک واردات میں بینڈ سامل مکمل طور خاکستر ہوگئی۔قصبہ کے ممکاک محلہ میں جاوید احمد ڈار کی بینڈ سامل میں آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے بینڈ سامل کو خاک میں ملادیا۔ اگرچہ فائر ٹنڈر اطلاع موصول ہوتے ہی جائے موقع پر پہنچ گئے لیکن تب تک آگ نے اس بینڈ سامل کی تمام مشینری کو لپیٹ میں لیا تھا ۔اس بینڈ سامل میں ایک موٹر سائیکل بھی موجود تھی جو آگ کی واردات میں تباہ ہوگئی۔آگ لگنے کی وجوہات فوری طور معلوم نہیں ہوسکیں۔ البتہ مقامی لوگوں کا خدشہ ہے کہ آگ بجلی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے۔

 

 ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ رنج

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے شیرباغ اننت ناگ میں آگ کی ہولناک واردات میں 3کمپلیکسوں اور آشرم کو ہوئے نقصان پر صدمے کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے آگ سے متاثر ہوئے افراد کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور حکومت پر زور دیاکہ وہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری اور امدادکاری کیلئے اقدامات کرے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ جو تاجر اس آگ کی واردات میں متاثر ہوئے ہیں انہیں کم شرحوں پر قرضے فراہم کئے جائیں تاکہ یہ لوگ اپنا روزگار پھر سے کھڑا کرسکیں ۔ اس کے علاوہ ایسے افراد کے قیام و طعام کا عارضی بندوبست کیا جائے ۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ،جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری، سینئر لیڈر سکینہ ایتو، رکن پارلیمان حسنین مسعودی، ریاستی ترجمان عمران نبی ڈار، ضلع صدر اسلام آبادالطاف احمد وانی اور ضلع صدر کولگام ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی نے بھی ہولناک آگ کی واردات پر صدمے کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کیساتھ اظہارِ ہمدردی کیاہے۔