عظمیٰ نیوز سروس
کولکتہ // مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کے روز کہا کہ کوئی بھی مرکزی حکومت کو شہریت (ترمیمی) قانون کو لاگو کرنے سے نہیں روک سکتا۔یہاں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا”مودی جی نے پورے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے آرٹیکل 370 کو ختم کیا جس کیلئے بنگال کے بیٹے شیاما پرساد مکھر نے کشمیر سے اسے ہٹانے کے لیے اپنی جان قربان کی تھی۔امیت شاہ کا کہنا تھا کہ مودی نے بائیں بازو کی انتہا پسندی کو ختم کیا، ہندوستان کا ترنگا چندریان 3 کے ذریعے چاند پر بھیجا گیا،۔ ایک نئی پارلیمنٹ بنایا گیا تھا اور ملک کی معیشت کو 11ویں سے 5ویں نمبر پر لے گئے تھے لیکن ممتا بنرجی کی خوشامد کی سیاست کی وجہ سے مغربی بنگال پیچھے رہ گیا ہے”۔امیت شاہ نے کہا کہ شہریت(ترمیمی) قانون ملک کا قانون ہے، اسے کوئی نہیں روک سکتا اور ہم اسے نافذ کریں گے۔شہریت (ترمیمی) ایکٹ، 2019 کا مقصد پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے ہندو، سکھ، بدھ، جین، پارسی یا عیسائی برادریوں سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کو شہریت دینے میں سہولت فراہم کرنا ہے جو 31 دسمبر 2014 کو یا اس سے پہلے ہندوستان میں داخل ہوئے تھے۔ریاست میں سیاسی تشدد، بدعنوانی اور خوشامد کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ ممتا بنرجی نے مغربی بنگال کو تباہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی بنگال میں دراندازی کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں،ریاست میں دراندازوں کو ووٹر کارڈ اور آدھار کارڈ کھلے عام تقسیم کیے جا رہے ہیں اور ممتا بنرجی خاموش بیٹھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بنگال دراندازی، خوشامد، سیاسی تشدد اور بدعنوانی کی لپیٹ میں ہے۔