سرینگر//پولیس نے نقب زنی کے 5معاملات کو حل کرکے 3ملزموں کو گرفتار کرکے نقدی و گاڑیاں اورموٹر سائیکل برآمد کیں۔ پولیس اسٹیشن شہید گنج میں چوری کے واقعات کے سلسلہ میں ایف آئی آر زیر نمبرات 65,66,69,/2021 درج کئے گئے۔ شکایت کنندگان نے پولیس کو بتایا کہ چوروں نے 3سکوٹیاں،1موٹر سائیکل اور ایک ماروتی کار جبکہ پرانے سیکریٹریٹ سرینگر میں ایک گاڑی سے 4لاکھ روپے نقدی اڑالئے۔ پولیس نے نقب زنی کے ان واقعات کو حل کرنے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی جنہوںنے تحقیقات کے دوران اترپردیش کے ایک شہری سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔ یوپی کا شہری ڈپلیکیٹ چابیاں بنانے میں ماہر ہے ۔ عدالت کے احکامات پر نابالغوں کیلئے مخصوص جیل منتقل کیاگیا جبکہ ان کی تحویل سے 3سکوٹیاں، ایک بائیک اور ایک ماروتی کار ، چابیوں کا گچھا اور دیگر سامان برآمد کیاگیا۔پولیس تھانہ شہید گنج نے درج ایف آئی آر زیر نمبر 73/2021،کو بھی حل کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس تھانہ کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ اولڈ سیکریٹریٹ سرینگر میں ایک گاڑی سے4لاکھ روپے نقدی اڑا لی گئی۔ پولیس نے لاوے پورہ سے ملزم کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے چرائی گئی رقم برآمد کی۔ اس دوران درج ایف آئی آر زیر نمبر67/2021کے سلسلہ میں 2ملزموں کو حراست میں لیکر ان کی تحویل سے 52ہزار روپے برآمد کئے۔