محمد تسکین
بانہال // فوج کی 12راشٹریہ رائفلز کی جانب سے منعقدہ شہید کپٹن اتل سومرا کرکٹ کپ 2025کی اختتامی تقریب بانہال کرکٹ سٹیڈیم میں شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ٹورنامنٹ میں ضلع رامبن کی مختلف 32ٹیموں نے حصہ لیا، جنہوں نے اپنی شاندار کارکردگی، کھیل کے جذبے اور اتحاد کی بہترین مثال پیش کی۔فائنل میچ میں رائل چیلنجرز بانہال اور وارئیرز الیون بانہال کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل اور عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا، جبکہ میدان میں موجود سینکڑوں تماشائیوں نے ہر گیند پر جوش و خروش سے اپنی پسندیدہ ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد آر سی بی نے وارئیرز الیون کو 17رنز سے شکست دے کر کیپٹن اتل سومرا کپ 2025اپنے نام کیا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنگ آفیسر 12راشٹریہ رائفلز نے تمام ٹیموں اور منتظمین کی تعریف کی اور کہا کہ یہ ٹورنامنٹ نہ صرف ایک کھیلوں کا ایونٹ ہے بلکہ کپتان اتل سومرا کی بہادری، قیادت اور اتحاد کے جذبے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔تقریب کے آخر میں نمایاں کھلاڑیوں کو ٹرافیاں، تمغے اور خصوصی ایوارڈز دیے گئے جن میں بہترین بلے باز، بہترین گیند باز اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز شامل تھے۔ اس مقابلے میں فاتح ٹیم کو پچاس ہزار روپئے کا نقد انعام دیا گیا جبکہ رنرز آپ کو پچیس ہزار روپئے کا چیک پیش کیا گیا۔