سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر سید عابد رشید شاہ کی صدارت میں کل آفیسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سٹی سینٹر میں ٹریفک دبائو کو کم کرنے کیلئے کئے جارہے اقدامات کاجائز ہ لیا گیا۔میٹنگ میںایس پی ٹریفک سٹی اوروی سی سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے علاوہ پولیس اور ایس ایم سی کے آفیسران نے شرکت کی۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنرنے شہر سرینگر میں ٹریفک دبائو کم کرنے اورٹریفک کی بلا خلل نقل وحرکت کو یقینی بنانے کے لئے آفیسران سے تجاویز طلب کیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ایم اے روڈ پر سابقہ گورنمنٹ پریس بلڈنگ کے احاطے کو پارکنگ جگہ کے لئے استعمال کرنے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ایم اے روڈ پر میکنائزڈ کارپارکنگ کے آگے ایک کراس اوور تعمیر کرنے کے امکانات پر غور کیاجائے گاتاکہ لوگوںیہاں سے یوٹرن لے سکیں اورجہانگیر چوک میںٹریفک کا دبائو کم ہوسکے۔
ٹریفک پولیس کی ایڈوائزری
نجی ہسپتالوں ، کلنکوں اور تشخیصی مراکز کو گاڑیوں کیلئے پارکنگ دستیاب رکھنے کی ہدایت
سرینگر //سٹی ٹریفک پولیس نے نجی ہسپتالوں ،پرائیوٹ کلنکوں اور تشخیصی مراکز سے کہا ہے کہ وہ مریضوں کو لانے والی گاڑیوں کیلئے پارکنگ سہولت دستیاب رکھیں ۔ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری کی گئی ایڈوائزی میں کہا گیا ہے کہ شہر میں قائم بہت سارے پرائیوٹ ہسپتالوں،پرائیوٹ کلنکوں اور طبی اداروں کے پاس گاڑیوں کے لئے پارکنگ سہولیت نہیں ہے۔جس کی وجہ سے یہاں آنے والے مریض اورتیمادارسڑکوں پر گاڑیوں کو غلط طریقے سے پارک کرتے ہیں۔معروف سڑکوں پر غلط پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک کی بلا خلل نقل وحرکت میں خلل پڑ جاتا ہے ۔شہر سرینگر کے تمام پرائیوٹ کلنکوں اورڈائیگوناسٹک مراکز کے علاوہ نجی ہسپتالوں پر لازم ہے کہ وہ پارکنگ کے لئے بہتر سہولیات دستیاب رکھیں۔سینئر سپر انٹنڈنٹ آف پولیس ٹریفک سٹی نے نجی ہسپتالوں ،پرائیوٹ کلنکوں اور تشخیصی مراکزسے کہا ہے کہ وہ مریضوں کو لانے والی گاڑیوں کیلئے پارکنگ کا انتظام کریں یا ایسے افراد مخصوص پارکنگ جگہوں پر اپنی گاڑیاں رکھا کریں ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی گاڑی کو نجی ہسپتال ،پرائیوٹ کلنک یا تشخیصی مرکزکے باہر پایا گیا تو اسے ضبط کیا جائے گا۔