سرینگر // وادی میں سرینگر ایک ایسا ضلع ہے جہاں کی سڑکوں پر سب سے زیادہ سڑک حادثات رونما ہوتے ہیں۔محکمہ ٹریفک کے عدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ ضلع میں ہر سال اوسطا اڑھائی سو سے زائد حادثات میں30سے زائد لوگ لقمہ اجل اور 300سے زائد لوگ زخمی ہو جاتے ہیں جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں سال کے ایک ماہ یعنی جنوری کی بات کی جائے تو اس سال سرینگر کی مختلف سڑکوں پر 14سڑک حادثات میں 19لوگ زخمی ہوئے ہیں۔محکمہ ٹریفک کے ایک اعلیٰ افسرنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سڑک حادثات کی بڑی وجہ اورلوڈنگ ، تیر رفتاری ، موبائل فون کا استعمال اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹریفک نے بڑے پیمانے پر اس سلسلے میں خلاف ورزی کی مرتکب پائی جانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کی ہیں اور آگے بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہرواں سال محکمہ ٹریفک نے صرف جنوری کے مہینے میں سرینگر شہر میں کل 10664چالان کئے ہیں جس میں 9504ای چالان 350کمپاونڈ چالان اور 810کورٹ چالان شامل ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال یعنی 2021 میںسرینگر کی سڑکوں پر کل 331سڑک حادثات میں 40لوگوں کی موت ہوئی اور347زخمی ہوئے ہیں۔سال2020میں سرینگر کی سڑکوں پر 275سڑک حادثات میں 45لوگ ہلاک اور 275زخمی ہوئے ہیں۔سال2019میں 310سڑک حادثات میں 45لوگ ہلاک اور 323زخمی ہوئے۔سال2018میں 375سڑک حادثات کے دوران 46افراد ہلاک اور 383لوگ زخمی ہوئے ہیں۔