سرینگر //شہر خاص کے حبہ کدل ، فتح کدل،ڈانگر پورہ ، نواب بازار ، کرن نگر اور دیگر علاقوں میں آوارہ کتوں نے لوگوں کی نقل و حمل کو مشکل بنا دیا ہے ۔آوارہ کتوں نے نہ صرف سڑکوں پر قبضہ جمارکھا ہے بلکہ مذکورہ علاقوں میں پارک کی گئی نجی گاڑیوں پرڈھیرہ جماکر کئی لوگوں کو زخمی کردیاہے۔مذکورہ علاقوں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی بار شکایت درج کرنے کے بائوجود بھی میونسپل حکام نے کوئی بھی کارروائی عمل میںنہیں لائی ہے۔ حبہ کدل کے پیج محلہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں آوارہ کتوں کی ایک بڑی تعداد موجودہے جو صبح اور شام کے وقت نہ صرف لوگوں کے عبور و مرور میںمشکلات پیدا کررہے ہیں بلکہ کئی ایک کو اپنا شکار بھی بنایا ہے۔ پج محلہ حبہ کدل کے جنرل سیکریٹری محمد یاسین پنجابی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقے میں آوارہ کتوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے جسکی وجہ سے سردیوں میں لوگوں کا گھروں سے باہر آنا مشکل بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں بچوں ، بزرگوں اور مریضوں کیلئے صبح و شام باہر آنا جہاں مشکل ہوگیا ہے وہیں اب آوارہ کتے علاقے میں کھڑی ہونے والی نجی گاڑیوںپر قابض ہوکر کئی لوگوں کو نشانہ بنا چکے ہیں۔ پنجابی نے بتایا کہ علاقے میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے نہ صرف نماز کی ادائیگی میں رکاوٹیں پیش آرہی ہیں بلکہ بچوں کی تعلیم بھی کافی متاثر ہورہی ہے۔شہر خاص کے رعناواری علاقے سے تعلق رکھنے والے جہانگیر احمد نے بتایا کہ رعناواری میں اسپتال کے اردگرد اور ملہ کھاہ میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے رات کے وقت لوگوں کا چلنا پھرنا محال بنادیاہے جبکہ نوہٹہ اور دیگر علاقوں میں لوگوں کا کہنا ہے کہ فجر نماز میں انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہر خاص کے نوہٹہ علاقے سے تعلق رکھنے والے عمران بٹ نامی نوجوان نے بتایا کہ علاقے میں رہنے والے لوگوں کو صبح کے وقت فجر کی نماز ادا کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عمران احمد نے بتایا کہ صبح کے وقت سڑکوں اور گلی کوچوں میں آورہ کتوں نے کئی لوگوں کو نشانہ بنایا ہے مگر بار بار درخواستیں دینے کے بائوجود بھی مونسپل حکام کتوں کی تعدا د کم کرنے میں کوئی بھی دلچسپی نہیں دیکھا رہے ہیں۔ عمران احمد نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہم نے کئی بار میونسپل حکام سے رابطہ کیا تاہم انکی جانب سے کوئی بھی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ شہر خاص میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے بارے میں بات کرنے کیلئے کشمیر عظمیٰ نے میونسپل کمشنر ریاض احمد وانی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم بار بار کوشش کرنے کے بائوجود بھی ان سے رابطہ نہ ہوسکا ہے۔