عظمیٰ نیوزسروس
جموں//پولیس نے منگل کو بتایا کہ یہاں ایک شخص پر گولی چلانے کے الزام میں دو مجرموں کو گرفتار کیا گیا ہے۔، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (جموں دیہی) برجیش کمار شرما نے کہاکہ گوجر محلہ کا رہائشی عمران خلیل 2اور 3نومبر کی درمیانی شب شہر کے علاقے نکی توی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا تھا جسے بعد ازاں گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔انکاکہناتھا’’فائرنگ کا معاملہ دونوں ملزمان کی گرفتاری سے حل ہو گیا ہے، جن میں سے ایک ہسٹری شیٹر ہے جس کے خلاف مختلف مجرمانہ سرگرمیوں سے متعلق نو مقدمات ہیں، جن میں منشیات کی تجارت بھی شامل ہے‘‘۔ شرما، جو ایس پی سٹی نارتھ کا اضافی چارج بھی سنبھالے ہوئے ہیں،نے نامہ نگاروں کو بتایاکہا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد، ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے متعدد ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ایس پی نے مزید کہا’’متعدد مشتبہ افراد کو پکڑا گیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر مادی شواہد کی جانچ پڑتال کے نتیجے میں مجرموں محمد حسین کھٹانہ اور محمد رمضان کو چوتھے توی پل کے قریب ٹی جنکشن سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ایک نجی سپورٹس یوٹیلیٹی گاڑی میں جا رہے تھے‘‘۔افسر نے بتایا کہ ان کی گرفتاری کے وقت ان کے قبضے سے 18گرام ہیروئن برآمد ہوئی، انہوں نے خلیل پر فائرنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا جسے وہ منشیات سمگلروں کے حریف گروہ کا مخبر سمجھتے تھے جس کے ساتھ ان کیایک دن پہلےلڑائی ہوئی تھی۔ شرما نے کہا کہ ملزم کے انکشاف پر ان کے رنگورا محلے سے ایک پستول اور 16راؤنڈ گولہ بارود برآمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ رمضان کو نو مقدمات میں نامزد کیا گیا تھا جن میں چھ مویشی سمگلنگ اور باقی منشیات سمگلنگ سے متعلق تھے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار افراد سے ان کے آگے اور پیچھے روابط کو بے نقاب کرنے کے لیے پوچھ گچھ جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ہسٹری شیٹر بک کرنے پر غور کر رہی ہے۔