عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
خرطوم// گزشتہ ماہ سے ریاست میں بڑھتے ہوئے تشدد کے تسلسل میں وسطی سوڈان کی الجزیرہ ریاست میں ریپڈ سپورٹ فورسز پر حملے میں 13 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ ایک طبی ذریعہ نے نام ظاہر نہ کرنے کو ترجیح دیتے ہوئے باتا کہ ریپڈ سپورٹ فورسز کی جانب سے ریاست الجزیرہ کے مشرق میں واقع قصبے الھلالیہ میں شہریوں پر فائرنگ کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے ۔ یہ قصبہ ریاست کے دارالحکومت سے 70 کلومیٹر شمال میں واقع ہے ۔گزشتہ ماہ، فوج کے زیر کنٹرول اس ریاست میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے حملوں کے نتیجے میں 124 افراد کی ہلاکت اور کم از کم 120,000 دیگر افراد کی نقل مکانی ہوئی تھی۔اس ماہ کے آغاز میں سوڈانی فوج نے اپنے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر خود مختاری کونسل کے چیئرمین عبدالفتاح البرہان کی تصاویر نشر کیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ریاست الجزیرہ میں اگلے مورچوں پر بڑے حملے کی تیاری کر رہی تھی۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوڈانی فوج نے ریپڈ سپورٹ فورسز کے ارکان کے ساتھ پرتشدد تصادم اور اس کے بہت سے ارکان کی گرفتاری کے درمیان خطے میں نقل و حرکت جاری رکھی ہوئی ہے ۔ سوڈانی فوج نے تصدیق کی ہے کہ وہ اسستحکام حاصل کرنے تک خطے میں اپنی فوجی نقل و حرکت جاری رکھے گی۔دونوں فریق اس وقت ریاست الجزیرہ میں پرتشدد لڑائیوں میں مصروف ہیں۔ اس ریاست پر گزشتہ سال کے اواخر سے ریپڈ سپورٹ فورسز کا کنٹرول ہے ۔ لیکن ریاست میں اس کے ایک رہنما کے منحرف ہو کر فوج میں شامل ہونے کے بعد ریپڈ سپورٹ فورسز نے کچھ علاقوں پر حملے شروع کر دیے اور تصادم شروع ہو گیا۔ حکام اور طبی ماہرین کے مطابق حالیہ جھڑپوں میں دس دنوں کے اندر تقریباً 200 افراد ہلاک ہو گئے ۔سوڈان میں اپریل 2023 کے وسط میں البرہان کی زیرقیادت فوج اور اس کے اتحادی اور سابق نائب محمد حمدان دقلو (حمیدتی) کی زیر قیادت ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان لڑائیاں شروع ہوئی تھیں۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مطابق جنگ سے دسیوں ہزار افراد جاں بحق اور 11ملین سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ بے گھر ہونے والوں میں سے 3.1ملین افراد ملک سے باہر چلے گئے ہیں۔ادھر مغربی روسی علاقے بیلگوروڈ کے ایک سرحدی گاؤں پر یوکرین کے ڈرون حملے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے ۔گورنر ویاچسلاؤ گلڈکوف نے یہ اطلاع دی۔مسٹر گلڈکوف نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ‘‘ہمارے علاقے میں اتوار کو ایک اور دہشت گردانہ حملہ ہوا۔ یوکرین کی مسلح افواج نے ضلع وولکونوسکی کے گاؤں کیسیلیو پر ٹارگٹڈ حملہ کرنے کے لیے ڈرون کا استعمال کیا۔ ڈیوائس پھٹ گئی جس سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔گورنر نے کہا کہ پیرامیڈیکس کے پہنچنے سے پہلے ہی شدید زخموں کی وجہ سے اس شخص کی موت ہو گئی۔ انہوں نے سوگوار خاندان اور مرحوم کے قریبی لوگوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
بولیویا میں 200فوجی اغوا
عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
لاپاز سسرے // بولیویا میں مسلح گروپ نے فوجی بیرکوں پر حملہ کرکے 200 فوجیوں کو اغوا کرلیا۔ یہ واقعہ سینٹرل بولیویا میں پیش آیا جہاں ایک مسلح گروپ نے جمعہ کے روز فوجی بیرکوں پر حملہ کرکے اس پر قبضہ کرلیا اور وہاں موجود 200فوجیوں کو اغوا کرلیا۔ بولیویا کے فوجی حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے روز ایک مسلح گروپ نے کوکھابامبا شہر میں قائم فوجی بیرکوں پر حملہ کیا جہاں سے اسلحہ ور گولہ بارود قبضے میں لینے کے بعد 200 فوجیوں کو اغوا کرلیا۔بولیویا کی فوج نے مسلح گروپ پر زور دیا ہے کہ وہ پرامن رہتے ہوئے فوری طور پر فوجی بیرکوں کا قبضہ چھوڑے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں اس عمل کو ملک کے خلاف غداری تصور کیا جائے گا۔