پرویز احمد
سرینگر //شہر خاص کے تجارتی مرکز مہاراج گنج، زینہ کدل، گوجوارہ، نوہٹہ اور دیگر علاقوں میں لوگوں کیلئے کار پارکنگ کا کوئی بھی انتظام نہیں ہے جس کی وجہ سے نہ صرف مقامی دکاندار بلکہ خریداری کیلئے آنے والے صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گوجوارہ کے ایک دکاندار محمد سالم نے بتایا کہ کار پارکنگ کی عدم دستیابی کی وجہ سے نہ صرف مقامی دکاندار اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ جامع مسجد ، نوٹہ، زینہ کدل، مہاراج گنج ، خواجہ بازار اور دیگر بازاروں میں خریداری کیلئے آنے والے گاہکوں کو اپنی گاڑیاں سڑکوں پر ہی کھڑی کرنی پڑتی ہیں اور اس کی وجہ سے پورے شہر خاص میں اکثر اوقات ٹریفک جام لگا رہتاہے‘‘۔سالم نے بتایا ’’ شہر خاص سرینگر کی پرانی تجارتی منڈوں میں سے ایک ہے لیکن وقت گزر نے کے ساتھ ساتھ اسے نظر انداز کیا گیا ‘‘۔نوہٹہ سرینگر کے ایک اور تاجر معراج الدین نے بتایا ’’ میری دکان مین روڑ پر ہے اور جب کوئی گاہک آتا ہے تو اس کو مین سڑک پر ہی گاڑی کھڑی کرنی پڑتی ہے اور اس کی وجہ سے اکثر اوقات ٹریفک جام ہوتا ہے کیونکہ گاندربل، پاندچھ، بژہ پورہ ، صورہ اور دیگر علاقے میں رہنے والے لوگوں کیلئے لال چوک اور دیگر علاقوں کی طرف جاننے کا نزدیکی راستہ نوہٹہ ہی ہے‘‘۔ معراج الدین نے بتایا کہ شہر خاص میں کار پارکنگ کی اشد ضرورت ہے لیکن ضلع انتظامیہ سرینگر اس کو نظر انداز کئے ہوئے ہے۔ شہر خاص کے تاجروں نے ضلع انتظامیہ سرینگر سے اپیل کی کہ وہ شہر خاص میں دکانداروں اور تاجروں کیلئے کارپارکنگ کی نشاندہی کرے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔