حسین محتشم
پونچھ//جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں شہدائے کربلا کی یاد میں شیر کشمیر پل کے قریب نوجوانوں کی جانب سے انجمن جعفریہ کے بینر تلے سٹار ہوٹل کے قریب سبیل لگا کر پانی اور دیگر مشروبات تقسیم کی۔ جس میں دیگر برادریوں کے لوگوں نے بھی تعاون کیا۔نوجوانوں کی جانب سے سبیل میں راہگیروں میں شربت، پانی کی بوتلیں تقسیم کرکے امام حسین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شعیہ یوتھ کے زیر اہتمام لگائی گئی سبیل میں موجود شفیق حسین بابا نے بتایا کہ 1400 سال قبل امام حسینؑ کربلا کے میدان میں اسلام اور انسانیت کے لیے جنگ لڑتے ہوئے 72 ساتھیوں کے ہمراہ شہید ہو گئے۔اس جنگ میں انسانیت کے دشمنوں نے اس قدر درندگی کا مظاہرہ کیا کہ چھوٹے چھوٹے بچے پانی کی بوند کو ترس گئے تھے۔ حضرت علی اصغر ؑجو صرف چھ ماہ کے تھے، ان کو پیاسہ شہید کر دیا گیا حتیٰ کہ حضرت امام حسینؑ کو تین دن تک پانی نہیں دیا گیا۔ اسی دن کی یاد میں امام حسین ؑکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پانی تقسیم کیا گیا تاکہ آنے والی نسلیں تاریخ سے آگاہ رہیں اور نوجوانوں کو حضرت امام حسینؑ کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے کی ترغیب ملے۔