سرینگر//عوامی شکایات کے تیز تر نمٹارے کو یقینی بنانے کے لئے گورنر سیکرٹریٹ نے کہا ہے کہ گورنر کے صلاح کار ہفتے جموں اور سرینگر میں عوامی شکایات سنیں گے۔صلاح کار جائزہ میٹنگوں کا بھی انعقاد کریں گے جس دوران وہ شہریوں ، وفود ، سول سوسائٹی ، تنظیموں کے نمائندوں سے ان کے مطالبات اور مشکلات کا جائزہ لیں گے جو بصورت دیگر گورنر سیکرٹریٹ میں موصول ہوتی ہیں۔گورنر سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صلاح کار عوام کے ساتھ تبادلہ خیال کے علاوہ اُن کے متعلقہ محکمہ جات میں مختلف شکایات کا جائزہ لیں گے اور ان محکموں کے نوڈل افسران کے ذریعے ان شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے گا۔ گورنر کے صلاح کار بی بی وِیاس ہر سوموار کو چرچ لین سونہ وار میں صبح 10بجے سے دوپہر 12بجے تک اور ہر جمعہ کو بینکٹ ہال جموں میں ان ہی اوقات کے دوران عوامی شکایات سنیں گے۔صلاح کار خورشید احمد گنائی چرچ لین میں ہر جمعرات کو صبح 10بجے سے دوپہر 12بجے تک اور ہر سوموار کو بینکٹ ہال جموں میں ان ہی اوقات کے دوران عوامی شکایات سنیں گے۔صلاح کار کے وجے کمار چرچ لین میں ہر بدھ وار کو صبح 10بجے سے 12بجے تک عوامی شکایات سنیں گے۔ان احکامات کے مطابق ریاستی سرکار کی گریوینس سیل کو اب ریاستی گورنر کی گریوینس سیل کے نام سے منسوب کیا جائے گا جو سری نگر اور جموں میں گورنر کے سیکرٹریٹ کے انتظامی کنٹرول میں کام کرے گی۔گورنر کے پرنسپل سیکرٹری گریوینس سیل کے مجموعی کام کاج کی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔گورنر کی گریوینس سیل کی دیکھ ریکھ ایڈیشنل سیکرٹری انعام الصدیقی کی سربراہی میں پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کرے گاجسے اب پروجیکٹ ڈائریکٹر گورنر گریوینس سیل کے طور تعینات کیا گیا ہے ۔