سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمدخان نے کل شکایتی سیل سونہ وار سری نگر میں عوامی دربار منعقد کیا جہاں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے زائد از ایک سو وفود اور اَفراد نے مشیر موصوف کو اپنے معاملات اور مطالبات گوش گزار کئے۔جہلم ریورسائڈ ہاؤس ری ہیبلٹیشن یونین کے ایک وفد نے صدر بلال احمد راہ کی قیادت میں مشیر کو جانکاری دی کہ یونین کے ممبروں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لئے ڈی سی کی جانب سے جاری کردہ حکم کے بارے میں بتایا ۔میر محلہ حجام محلہ اونتہ بھون صورہ کی سلفیہ مسجد کے نمائندوں نے مشیرموصوف سے 250 کلو واٹ سے 500 کلو واٹ تک بجلی کے ٹرانسفارمر کو بڑھانے سے متعلق درخواست کی۔ٹورسٹ فیسلٹیٹرس کے صدر ریاض احمد ڈار کی سربراہی میں ایک وفد نے ٹورسٹ فیسلٹیٹرس کی فائل کی منظوری کی درخواست کی۔مشیر سے وینو س فرنیچر کے مالک نے نقد کریڈٹ قرض معاف کرنے کے سلسلے میں درخواست کی ۔کشمیرآل ٹرائب کوآرڈی نیشن کمیٹیوںکے وفد نے مشیر کو تحصیل سری گفوارہ اور پہلگام میں قبائلی نوجوانوں کو دکانوں کی فراہمی کے بارے میں آگاہ کیا۔مختلف مقامات پر آبی ذخائر کی تعمیر کے لئے محکمہ پی ایچ ای کو زمین دینے والے اراضی مالکان کے وفد نے مشیر سے ملاقات کی اور اَپنے مطالبات کی یادداشت بھی پیش کی۔متعدد دیگر وفود اور افراد نے بھی آر اینڈ بی ، پی ایچ ای ، پی ڈی ڈی ، ایس ایم سی ، پی سی بی ، فارسٹ ، ٹرانسپورٹ ، ٹریفک ، جے اینڈ کے بینک ، جے کے وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور دیگر محکموں سے متعلق مختلف امور کے بارے میں مشیر بصیرخان سے ملاقات کی اور نمائندگی پیش کی۔اِس موقعہ پر مشیر بصیر خان نے وَفود اور اَفرادکے معاملات اور مطالبات کو بغور سنا ۔دریں اثنا مشیرنے عوامی اہمیت اور اِنفرادی معاملات کے جلد از جلد ازالہ کے لئے افسران اور محکموں کو موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔