سرینگر /وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ حکومت شکار گاہ کو ترقی دینے کے لئے پرعزم ہے اور ترال کو وادی کے سیاحتی نقشے پر لانے کےلئے ایک پونی ٹریک بھی قائم کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس علاقے کو شہرہ آفاق سیاحتی مقام پہلگام کے ساتھ ٹریکنگ روٹ اور سڑک کے ذریعے جوڑا جائے گا تاکہ وہاں کے سیاحتی وسائل کو بروئے کار لا کر زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیاحوں کو اس علاقے کی جانب راغب کیا جاسکے ۔سرینگر میں ترال سے آئے ہوئے ایک وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ علاقے میں سڑک رابطے میں بہتری لائی جارہی ہے اور وہاں کی سڑکوں کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ ان پر تار کول بھی بچھایا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نودل ۔ترال سڑک کو کشادہ بنایا جارہا ہے تاکہ ملحقہ علاقوں کے ساتھ رابطہ بڑھایا جاسکے ۔محبوبہ مفتی نے مقامی ہیلتھ سینٹر کو بڑھاوا دینے کی ہدایت دی اور کہا کہ اسے جدید طرز کے ایک ہسپتال کے طور پر ترقی دی جانی چاہئے تاکہ علاقے کے لوگوں کو ایمرجنسی کے دوران علاج و معالجہ کے لئے دور دور کی مسافتیں طے نہ کرنی پڑیں۔وفد نے علاقے میں ایک سکل ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ علاقے کے لوگوں کو تکنیکی تعلیم سے روشناس کرایا جاسکے۔