شوپیان//قصبہ شوپیان میں فورسز کی طرف سے شبانہ چھاپوں کے دوران دو نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف مکمل ہڑتال رہی۔ مقامی لوگوں کے مطابق بدھ کی شام ملک محلہ کے ایک نوجوان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور بنہ بازار میں رہنے والے دوسرے نوجوان کے گھر پر چھاپہ مار کر اسے گھر میں نہ پاکر اسکے بھائی کو گرفتار کیا ۔بدھ کی شام کو قریب ساتھ بجے قصبہ میں نامعلوم افراد نے مساجد میں لاوڈ اسپیکروں پر جمعرات کو گرفتاریوں کے خلاف ہڑتال کرنے کو کہا۔اس سلسلے میں جمعرات کو قصبہ میں مکمل ہڑتال رہی ۔تمام تر دکانیں اور کاروباری مراکزبند رہے اور سڑکوں پر ٹریفک کی آمد رفت جزوی طور معطل رہی۔ ادھر بٹہ پورہ چوک میں پولیس فورسز اور مظاہرین کے بیچ اس وقت جھڑپیں ہوئیںجب نوجوانوں نے وہاں سے گزرنے والی پولیس رکھشک گاڑی پر پتھراؤ کیا ۔پولیس فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے اور پیلٹ چلائے جسکی وجہ سے ایک نوجوان سر میں پیلٹ لگنے سے زخمی ہوا جسکو علاج و معالجہ کے لئے ضلع اسپتال شوپیان لے جایا گیا۔ایس پی شوپیان نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوا کہاں کہ یہ سنگ باز تھے جس کی وجہ سے انہیں گرفتار کیا گیا۔