سرینگر//نیشنل فرنٹ ،محاذآزادی، سالویشن مومنٹ اور پیپلز فریڈم لیگ نے شوپیان شہری ہلاکتوں کو فورسز کی سفاکیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر سے فوجی انخلاء نہ ہونے تک خون خرابہ پرقابو پانا ناممکن ہے۔ نیشنل فرنٹ نے فوجی انخلاء پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیرکے اطراف و اکناف میں تعینات افواج کی بھاری تعداد اور اُنہیں افسپا جیسے انسان کش قوانین کا تحفظ ہونے کی وجہ سے بے پناہ مسائل پیدا ہوئے ہیں ۔ پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج کی مکمل ہڑتال نے ایک بار پھر یہ حقیقت واضح کی کہ پر امن کشمیری لوگ خون خرابے کو پسند نہیں کرتے ہیں لیکن اپنے تحفظ کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کا مستقل حل چاہتے ہیں تاکہ اُن کی زندگیاں پر امن طور گذریں اور پورے خطے کے اندر امن و استحکام پیدا ہو۔شوپیان میں فوج کے ہاتھوں ہوئی حالیہ ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے نیشنل فرنٹ نے کہا کہ ان جیسے سانحات کیلئے مہذب دنیا کے اندر کوئی جگہ نہیں ہے اور یہ ہر انصاف پسند کیلئے ناقابل قبول ہیں۔پارٹی کا کہنا تھا کہ فورسز کو کشمیری عوام کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے یہی وجہ ہے کہ ہلاکتوں کے واقعات آئے دنوں پیش آرہے ہیں۔قومی محاذِ آزادی کے سینئر رُکن اعظم انقلابی نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کو کشمیریوں کے خونِ ناحق کی لت پڑی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہاں ہر ایک بھارتی سپاہی جنرل ڈائرکا رول نبھانے کیلئے بے قرار رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک بھارتی فوج کشمیر سے رخصت نہیں ہوتی اور کشمیریوں کو پنڈت جواہر لال نہرو کے وعدۂ رائے شماری اور اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے تحت اپنے سیاسی مستقبل کا تعین کرنے کا موقع نہیں دیا جاتا کشمیر کی پرُامن جمہوری مزاحمتی تحریک پوری شدّت اور عزم و ارادہ کے ساتھ جاری رہے گی۔ سالویشن مومنٹ کے ایک وفد نے بندشوںکے باوجود شوپیان پہنچنے میں کامیابی حاصل کی ۔وفد نے تعزیتی مجالس سے خطاب کرتے ہوئے جاں بحق ہوئے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وفد مولوی مدثر، عدنان سلفی، امتیاز احمد، اسحاق احمد اور فاروق احمدپر مشتمل تھا۔انہوں سوگوار کنبوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے کہا ہے کہ بھارت نے بنیادی حقوق اور حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کیلئے کشمیر کے اطراف و اکناف میں کشمیریوں کی مسلسل ہلاکتوں کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس قتل عام کے سلسلے میں بھارت کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے۔ فاروق رحمانی نے شوپیاں ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت ایک منصوبہ بند سازش کے تحت نسل کشی کررہا ہے۔