جموں // شوپیاں ہلاکتوں کی گونج ایک مرتبہ پھر قانون ساز اسمبلی میں سنائی دی جس بیچ حزب اقتدار کی جماعت کے ممبر اسمبلی شوپیاں ایڈوکیٹ محمد یوسف بٹ نے متاثر ہوئے افراد کو معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا وہیں نیشنل کانفرنس کے ممبر اسمبلی ہوم شالی بگ اور ممبر اسمبلی حبہ کدل شمیمہ فردوس نے معاوضہ نہیں بلکہ شہری ہلاکتوں پر روک لگانے کی مانگ کی ۔ قانون ساز اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ممبر اسمبلی پہلگام الطاف احمد وانی نے شوپیاں ضلع میں فورسز کی گولیوں سے زخموںکی تاب نہ لاکر چل بسے ایک اور نوجوان کی ہلاکت کا معاملہ اٹھایا ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار اندر ایک بیان دے رہی ہے اور باہر صورتحال کچھ اور ہے ۔ انہوں نے فورسز کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس دوران پی ڈی پی ممبر اسمبلی شوپیاں ایڈوکیٹ محمد یوسف بٹ اپنی نشست سے کھڑے ہوئے اور کہا ـــ’یہ افسوس کا مقام ہے کہ زخمی شہری بھی لقمہ اجل بن گیا ہے ‘ ۔ انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ متاثر افراد کو معاوضہ فراہم کیا جائے ۔ تاہم الطاف احمد کلو ، ممبر اسمبلی ہوم شالی بگ عبدالمجید بٹ لارمی اور شمیمہ فردوس اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے اور سرکار پر شہری ہلاکتوں پرخاموشی برتنے کا الزام عائد کیا ۔ ممبر اسمبلی ہوم شالی بک نے زوردار آواز میں کہا کہ ہمیں معاوضہ نہیں بلکہ شہری ہلاکتوں پر روک لگائی جائے جبکہ شمیمہ فردوس نے بی بھی شہری ہلاکتوں پر روک لگانے کا سرکار سے مطالبہ کیا ۔