مشتاق الاسلام
پلوامہ //ضلع شوپیاں کے مختلف علاقوں میں شبانہ شدید ژالہ باری سے سے سیب کے باغات،اخروٹ اور کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔گذشتہ شب شوپیان کے مختلف علاقوں جن میں نادی گام، کٹی پورہ، کاٹھوہالن شامل ہیںمیںشدید ژالہ باری نے تباہی مچادی جس دوران فصلیں تباہ ہوگئیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ آدھی رات کو ہونے والی ژالہ باری نے اخروٹ سمیت دیگرفصلوں کو نقصان پہنچایا جس کے نتیجے میں انہیں زبردست پریشانی لاحق ہوگئی ۔لوگوں نے مزید کہا کہ ان علاقوں میں ژالہ باری قریبا ایک گھنٹے تک جاری رہنے سے کسانوں کی تقریبا 70 فیصد فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اخروٹ کا زیادہ تر ذخیرہ ابھی تک درختوں پر موجود تھا ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ شدید ژالہ باری سے سیبوں کے علاہ سبزیوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔مقامی کسان اخروٹ اور دیگر میوہ باغات میں ہونے والے شدید نقصان پر افسردہ ہیں۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سے مطالبہ کیا کہ وہ ان علاقوں میں ژالہ باری سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے ٹیم روانہ کردیں،تاکہ سرکاری سطح پر متاثرہ کسانوں کی امداد ممکن ہوسکے۔