شوپیان//جنوبی ضلع شوپیان میں 3 پولیس اہلکار وں کو اغواکرنے کے بعد قتل کر کے انکی لاشیں پھینک دی گئیں۔مقامی لوگوں کے مطابق شوپیان کے کاپرن اور بٹہ گنڈ دیہات میں بندوق برداروں نے 3 پولیس اہلکاروں اور ایک پولیس اہلکار کے بھائی کو انکے گھروں سے اغواکیا جن میں سے 3کو ہلاک کیا گیا۔
واقعہ کیسے رونما ہوا؟
لوگوں کے مطابق نقاب پوش مسلح افراد ،جن کی تعداد قریب 13 تھی ،نے بٹہ گنڈ اور کاپرن شوپیان میں 6 گھروں پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں اور تین پولیس اہلکاروں، ریلوے میں تعینات پولیس فالوور نمبر 49 فردوس احمد کوچھے ولد عبدالغنی ساکن بٹہ گنڈ ، کلدیپ سنگھ ولد دیپ سنگھ ساکن بٹہ گنڈ ایس پی او نمبر 181تعینات کولگام اورنثار احمد دھوبی ولد عبدالرشید دھوبی ساکن کاپرن سلیکشن گریڈ کانسٹیبل آرمڈ پولیس12بٹالین نمبر 338و اپنے ساتھ لئے گئے۔اس دوران کاپرن میں پولیس اہلکار نثار احمد بٹ ولد عبدالاحد بٹ کو گھر میں نہ پا کر اسکے بھائی فیاض احمد بٹ کو بھی اغواکیا گیا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مشتبہ جنگجوؤں نے انہیں صبح کے قریب 7 بجے انکے گھروں سے اغوا کیا اور اس دوران کچھ لوگ بھی مشتبہ جنگجوؤں کے پیچھے پیچھے چل رہے تھے جسکے بعد جنگجوؤں نے ہوا میں کچھ فائر کئے جسکی وجہ سے لوگ بھاگ گئے۔جنگجوؤں نے علاقہ چھوڑنے کے وقت فیاض احمد بٹ جوکہ پولیس اہلکار کا بھائی تھا کو چھوڑ دیا اورباقی تین پولیس اہلکاوں کو اپنے ساتھ لیا۔اسکے کچھ گھنٹے بعد ہی ان اغوا شدہ اہلکاروں کی گولیوں سے چھلنی زی پورہ علاقے میں پھینک دی گئیں، جوکہ کاپرن گائوں کے بالکل قریب ہے۔تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی خبرپھیلتے ہی کاپرن ،بٹہ گنڈ اور آس پاس کے علاقوں میں صف ماتم بچھ گئی۔مقامی لوگوں نے ایک ایک کر کے لاشیں ایک ڈھلوان نما کھیت سے اوپر لائیں جس کے بعد پولیس کو مطلع کیا گیا۔بعد میں ان مارے گئے تین پولیس اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ پولیس لائنز شوپیان لایا گیا۔اس موقعہ پر مہلوک اہلکاروں کی میتوں پرگلباری کی گئی اور انہیں خراج عقیدت ادا کرنے کے لئے سیول اور پولیس کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔ادھر جب مہلوک اہلکاروں کی نعشیں انکے آبائی گھروں کو پہنچائی گئیں تووہاں کہرام مچ گیا جس دوران ہرطرف غم کی لہر دوڑ گئی۔لوگ زاروقطار رونے لگے اور خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں۔بعد میں ان اہلکاروں کو پرنم آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا ۔
پولیس کیا کہتی ہے؟
آئی جی پی کشمیرایس پی پانی نے تین اہلکاروں کی ہلاکت کوبزدلانہ حرکت قراردیتے ہوئے کہاکہ اغواکاری اورہلاکت میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے دوایس پی اوز اور ایک پولیس اہلکارکوموت کی نیند سلا د یا ، اُنکو بخشانہیں جائیگابلکہ اُنکوقرارواقعی سزادی جائیگی۔ غورطلب ہے کہ گزشتہ دنوں حزب المجاہدین کے آپریشنل کمانڈرکاپیغام سوشل میڈیاپروائرل ہواتھا،جس میں مذکورہ کمانڈرکویہ سخت دھمکی دیتے ہوئے سناگیاکہ اگرپولیس اہلکاروں اورایس پی اوزنے پولیس کی نوکریوں کوخیربادنہیں کیاتواُنکوسنگین نتائج کاسامناکرناپڑے گا۔تاہم شوپیان میں بیک وقت تین پولیس اہلکاروں کی اغواکاری اورپھراُنھیں ہلاک کئے جانے کے بعدکسی بھی گروپ کی جانب سے کوئی بیان نہیں دیاگیا۔