شاہد ٹاک
شوپیان// ضلع شوپیان میں حرمین قصبہ میں منگل کی اولین ساعتوں میں ملی ٹینٹوںکی طرف سے گرینیڈ پھینکنے کے ایک افسوسناک واقعہ میں گہری نیند میں سوئے اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے دو مہاجر مزدوروں کی موت واقع ہو گئی۔اس حملے میں ملوث دو مقامی ملی ٹینٹوں کو چند گھنٹوں کی کارروائی کے دوران ہی گرفتار کیا گیا۔واضح رہے کہ ملی ٹینٹوں نے حرمین علاقے میں ہی چودھری گنڈ نامی گائوں میں دو روز قبل دن دھاڑے پورن کرشن نامی کشمیری پنڈت کو گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا۔
واقعہ کیسے ہوا؟
مقامی لوگوں نے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب 12بجکر 20منٹ پر یہ واقعہ پیش آیا۔لوگوں نے بتایا کہ اتر پردیش کے ایک بیوپاری نے علاقے میں میوہ خرید کر رکھا ہے اور اس نے ان مزدوروں کو خریدے گئے میوہ باغات میں درختوں سے نیچے گرے ہوئے میوہ کو جمع کرنے کیلئے رکھا تھا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ 4مزدور ہیں جو حرمین کے مین بازار میں ایک دکان کی سلیب پر بنائے گئے عارضی ٹین کے شیڈ میں کرایہ پر رہ رہے تھے۔لوگوں نے بتایا کہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت شیڈ میں چاروں مزدور تھے لیکن دو مزدور گرینیڈ دھماکے میں محفوظ رہے۔پولیس نے بتایا کہ گرینیڈ دھماکے میں مونیش کمار اور رام ساگر ساکنان قنوج کانپور اتر پردیش ، شدید زخمی ہوئے، جنہیں ضلع ہسپتال شوپیان منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔پولیس نے بتایا کہ علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے تلاش شروع کی گئی۔
پولیس بیان
کشمیر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے کہا کہ آپریشن کے دوران لشکر طیبہ کے ایک ہائبرڈ دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا جس نے گرینیڈ پھینکا تھا۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کی شناخت حرمین سے تعلق رکھنے والے عمران بشیر گنائی کے نام سے ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ مقتولین ایک ٹین شیڈ میں رہ رہے تھے اور حملہ آوروں نے رات کو شیڈ کے اندر دستی بم گرایا تھا۔شوپیاں میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کمار نے کہا کہ حملے میں ملوث ایک اور مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ قتل میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے متعدد مقامات پر چھاپے مارے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ “ہم جلد ہی لشکر طیبہ کے افراد کو بے اثر کر دیں گے جو اس حملے کے پیچھے تھے۔”پولیس نے بتایا کہ حملے میں ملوث ممنوعہ تنظیم لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کا ایک مقامی “ہائبرڈ دہشت گرد” تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران اپنے ساتھی سمیت گرفتارکیا گیا۔”ہائبرڈ دہشت گرد” غیر لسٹڈ بنیاد پرست لوگ ہیں جو دہشت گردانہ حملے کرتے ہیں اور اکثر اپنی معمول کی زندگی میں واپس چلے جاتے ہیں اور کوئی نشان نہیں چھوڑتے ہیں۔