شوپیان+کپوارہ//شوپیان میں دن دہاڑے نقاب پوش مشتبہ جنگجوئوں نے ایک24سالہ نوجوان کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔واقعہ کے بعد علاقے میں حملہ آوروں کی تلاش کیلئے محاصرہ کیا گیا۔ادھر دستیاب اعدادو شمار کے مطابق جنوبی کشمیر میں رواں ماہ کے27روز کے دوران 4عام شہریوں کو بندوق برداروں نے گولیوں کا نشانہ بنا کر ابدی نیند سلا دیا ہے۔ضلع شوپیان میں بدھ کو دن کے قریب ایک بجے نقاب پوش جنگجوئوں نے تنویر احمد ڈار ولد محمد عبد اللہ اور شاکر احمد ڈار نامی دو نوجوانوں کو اس وقت بندوق کی نوک پر یرغمال بنا کر اپنے ساتھ لیا جب وہ اپنے گھر بمنی پورہ سے 2 کلومیٹر دور کچھ ڈورہ میں ایک مکان میں اینٹوں کا کام کررہے تھے۔اغوا کرنے کے کچھ دیر بعد مشتبہ جنگجوئوںنے شاکر احمد کو رہا کردیا تاہم تنویر کو اپنے ساتھ رکھا۔کچھ ہی دیر کے بعد کچھ ڈورہ میں ہی جنگجوؤں نے تنویر احمد ڈار پر ایک مسجد کے متصل گولیاں چلائیں جسکی وجہ سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ بعد میں پولیس، فورسز اور فوج نے علاقے کو محاصرے میں لے کر جنگجوئوں کو ڈھونڈ نکالنے کی ہر ممکنہ کوششیں کی تاہم وہ کامیاب نہیں ہوئے۔پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ادھر سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر نوجوان کی ہلاکت کے کچھ دیر بعد ہی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جسمیں یہ نوجوانبتا رہا ہے کہ حالیہ گداپورہ رتنی پورہ علاقے میں جو انکاونٹر ہوا جسمیں دو مقامی جنگجو جاں بحق ہوئے، ان جنگجوؤں کی اطلاع اسی نے فورسز کو دی تھی۔کپوارہ کے یارو لنگیٹ علاقہ کو فوج نے محاصرے میں لیا۔فوج کو خدشہ ہے کہ علاقہ میں 2 سے 3 جنگجو چھپے بیٹھے ہیں۔30 آر آر اور سپیشل آپریشن گروپ ہندوارہ نے بدھ کی شام ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر یارو لنگیٹ کو گھیرے میں لیا اور اہم سڑکوں کی ناکہ بندی کی۔فوج نے تلاشی کاروائی شروع کی ،جو رات دیر گئے تک جاری تھی ۔