کولگام میں کرنٹ لگنے سے شہری کی موت
سرینگر//جمعرات کو شوپیان ضلع کے علی پورہ علاقہ میں ایک 40 سالہ شخص کی لاش ملی جبکہ کولگام میں ایک شہری کی بجلی کاکرنٹ لگنے سے موت واقع ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ جمعرات کی صبح کچھ راہگیروں کو علی پورہ شوپیان میںمحکمہ ماہی پروری دفتر کے قریب ایک لاش ملی۔ متوفی کی شناخت ریاض احمد لون ساکن کنی پورہ شوپیان کے طور پر کی گئی ہے جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے۔ کچھ ہی دیر میں پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو طبی اور قانونی کارروائیوں کے لیے منتقل کیا۔ دریں اثنا، پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔اس دوران کولگام ضلع کے کدر علاقے میں جمعرات کو بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک شخص کی جان چلی گئی۔متوفی کی شناخت شبیر احمدکوچھے ولد محمد ایوب کوچھے ساکن کدر، کولگام کے طور پر کی گئی ہے۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچھے بجلی تار سے رابطے میں آیا جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔حکام نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔