سرینگر//جنوبی ضلع شوپیان میں بدھ کی صبح جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین مسلح تصادم آرائی کے نتیجے میں4جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
پولیس اور فوج نے چار جنگجوﺅں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنگجوﺅں کیخلاف گذشتہ رات شروع کیا گیا آپریشن جاری ہے۔
یہ تصادم ضلع کے میلہ ہور نامی گاﺅں میں پیش آیا جہاں فورسز نے جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران چھپے بیٹھے جنگجوﺅں اور فورسز کا آمنا سامنا ہوا جس کے بعد طرفین میں گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
پولیس اور فوج نے پہلے دو اور بعد میں مزید دو جنگجوﺅں کی ہلاکت کی تصدیق کی تاہم فوری طور پرہلاک شدہ جنگجوﺅں کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
ذرائع کے مطابق جنگجوﺅں کیخلاف اس آپریشن میں 55آر آر کے فوجی اہلکار، سی آر پی ایف اور مقامی پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔