شوپیان، ترال //ٹکرو شوپیان میں محاصرے کے دوران احتجاجی نوجوانوں کو تتر بتر کرنے کیلئے فوج نے فائرنگ کی اور پیلٹ چلائے جس کے نتیجے میں 10نوجوان زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے ۔کل بعد دوپہرساڑھے12بجے فوج کی 44راشٹریہ رائفلز اور پولیس ٹاسک فورس نے جنگجوؤں کی مصدقہ اطلاع ملنے پر شوپیان کے دیہات ٹکرو ٹینگہ ونی کو محاصرے میں لیاور جونہی فوج نے بستی میں گھر گھر تلاشی کاروائی شروع کردی تو یہاں لوگ گھروں سے باہر آئے اور سنگباری شروع کردی۔ فورسز نے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کی اور پیلٹ چلائے جس کے نتیجے میں فیاض احمد پڈرو ولد غلام محمد ساکن پوتر وال کے سرمیںاور سہیل احمد میر کے بازور میں گولی لگی جبکہ8نوجوان پلٹ لگنے سے زخمی ہوئے اور انہیں علاج و معالجہ کیلئے سرینگر ریفر کیا گیا جہاں فیاض احمد کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے ۔علاقہ میں شام دیر گئے تک حالات کشیدہ تھے اور جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔شام ساڑھے7بجے فوج نے علاقہ کا محاصرہ ختم کیا۔اس دوران دفاعی ذرائع نے محاصرے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں جنگجوؤں کے ساتھ جب کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا تو فوج نے پھر علاقے کا محاصرہ ختم کرلیا۔ادھر دفاعی ترجمان نے فوج کی جانب سے مظاہرین پر راست فائرنگ پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ادھر ترال میں سرگرم جنگجوئوں کے 10رشتہ داروں کی مختلف علاقوں سے گرفتاری کے بعد انہیںرہانہ کئے جانے کے خلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال رہی ۔
عینی شاہدین کے مطابق قصبہ میں صبح سویر ے کچھ کار باری ادارے کھلنے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپوٹ بھی سڑکوں پر چلنے لگاتاہم بازار میں نوجوانوں کی ایک ٹولی اچانک بازار میں نمودار ہوئی ۔ نوجوانوں نے علاقے سے گزرنے والی فورسز کی ایک گاڑی، ٹرانسپورٹ اورتجارتی مراکز پرپتھرائو کے علاوہ نعرے بازی بھی کی جس کی وجہ سے قصبہ میں آناً فاناً مکمل ہڑتال ہوئی ۔اس دوران بازارسنسان اور سڑکیں ویرانی کا منظر پیش کرنے لگیں۔ ہڑتال کی وجہ سے علاقے کے سرکاری و غیر سرکاری دفاتر جن میں بنک اورتعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ دیگر دفاتر میں ملازمین کی حاضری نہ ہونے کے برابر رہی ۔واضح رہے منگل کی شام قصبے سے دس کلومیٹر دور سید آباد پستونہ میں جنگجووں نے ایک مقامی ایس پی اوکو گولی مار کر زخمی کیا تھا۔ واقعے کے چند گھنٹے بعد قصبے کے مونگہامہ،گلشن پورہ،لام ،پنگلش،ترال،امیر آباد،شیر آباد وغیرہ علاقوں سے علاقے میں سرگرم جنگجوئوں کے تقریباً 11رشتہ داروں کی شبانہ چھاپوں کے دوران گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ تاہم پولیس نے گرفتار شدگان میں سے ایک کم عمر طالب علم کو امتحان میںشامل ہونے کیلئے رہا کیا جبکہ باقی افراد کو تاحال رہا نہیں کیا گیا ہے ۔
اسی دوران مقامی لوگوں اور سٹیزنز کونسل کے چیر مین اور سابق ٹریڈ یونین لیڈر فاروق ترالی نے ایس ایس پی اونتی پورہ اور ڈی ایس پی ترال سے گرفتار شہریوں کے فوری رہائی کی اپیل کی ہے۔