شاہد ٹاک+سید اعجاز
شوپیان+ترال// شوپیان ضلع میں جمعہ کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں جیش محمدکا ایک غیر ملکی جنگجو مارا گیا۔پولیس نے بتایا کہ کاپرن گائوں میں ملی ٹینٹ کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس،34آر آر اور 178سی آر پی ایف کیساتھ مل کر صبح کے4بجے محاصرہ کیا گیا۔
پولیس نے کہا کہ تلاشی کارروائی کے دوران صبح6بجکر 20منٹ پر طرفین کے درمیان فائرنگ شروع ہوئی اور فائرنگ کا تبادلہ20منٹ تک جاری رہی۔فائرنگ کے تبادلے میںایک ملی ٹینٹ مارا گیا جوجیش کیساتھ منسلک تھا۔اسکی شناخت کامران بھائی عرف حسنین کے طور پر ہوئی جو کولگام شوپیان علاقے میں سرگرم تھا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شوپیان(ایس ایس پی) مس تنوشری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ تصادم میں مارا گیا غیر ملکی ملی ٹینٹ گزشتہ 8 ماہ سے ضلع میں سرگرم تھا اور اس کی ہلاکت ایک بڑی کامیابی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، تنوشری نے کہا کہ اس کی شناخت کامران بھائی کے طور پر ہوئی ہے۔اس نے بتایا کہ وہ گزشتہ 8 ماہ سے علاقے میں سرگرم تھا۔انہوں نے کہا، ’’گزشتہ کئی دنوں سے ہمیں شوپیان میں فدائین حملے اور ٹارگٹ کلنگ کے بارے میں انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہو رہی تھیں اور آج انکاؤنٹر میں اس کی ہلاکت ہمارے لیے بڑی کامیابی تھی۔انہوں نے کہا کہ انہیں چودھری گنڈ واقعہ کے بارے میں کچھ لیڈز ملے ہیں جس میں ایک پنڈت پورن کرشن کو قتل کیا گیا تھا۔ تاہم، اس نے کہا، حملہ لشکر طیبہ نے کیا تھا، جب کہ کامران کا تعلق جیش محمد سے تھا۔تنوشری نے یہ بھی کہا کہ کامران A+ کیٹیگری کا عسکریت پسند تھا اور اس بات کی مزید تفتیش جاری ہے کہ وہ کن معاملات میں براہ راست ملوث تھا۔
گرفتاریاں
پولیس نے کہا ہے کہ انہوں نے ممنوعہ لشکر طیبہ سے منسلک چارملی ٹینٹ ساتھیوں کو پلوامہ ضلع میں گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔پولیس نے کہا کہ ان کی شناخت کرامت اللہ ریشی اور سہیل بشیر گنائی ساکنان چیوہ اولر ترال، عادل غنی لون ساکن کارمولہ ترال اور ارشاد منظور کمار ساکن ترال پائین کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد سمیت مجرمانہ مواد برآمد کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق”ابتدائی تفتیش کے دوران، یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتارملی ٹینٹ ساتھی لشکر کمانڈر بابر عرف سمامہ، جو پی او کے کے رہائشی تھے، کے ساتھ رابطے میں تھے اور وہ ترال کے علاقے میں آئی ای ڈی نصب کرنے کی سازش کو ناکام بنانے کی کوشش میں تھے۔”اس کے علاوہ، گرفتار ساتھی لشکرکے سرگرم ملی ٹینٹوں کو اسلحہ اور گولہ بارود کی نقل و حمل اور دیگر لاجسٹک سپورٹ میں بھی ملوث تھے۔”انکے خلاف ایف آئی آر164/2022 درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔