شوپیان// کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں ہوئی بینک ڈکیتی کے بعد جمعہ کو شوپیان ضلع کے کاپرن علاقے میں نقاب پوش مسلح افراد نے ایک بینک میں لوٹ مار کی واردات انجام دی اور بینک محافظ سے بارہ بور رائفل چھین کر فرار ہوگئے۔ کاپرن میں جمعہ دن کے قریب ساڑھے بارہ بجے سومو گاڑی میں سوار ہو کر آئے قریب 8نقاب پوش مسلح افرادجے کے بینک شاخ کے قریب نمودار ہوئے ۔ان میں سے چار بینک کے باہر سڑک پر موجود رہے اور چار بینک میں داخل ہوگئے اور بینک عملہ کو بندوق کی نوک پر یرغمال بنا کر نقدی 74,681 روپیہ لوٹ لئے۔ اس دوران بینک کے سیکورٹی گارڈ نثار احمد شاہ ولد غلام محمد شاہ ساکن شانگس نوگام کی نقاب پوش مسلح افراد نے مار پیٹ کی اور اسکی بارہ بور رائفل بھی چھین لی۔اس واقعہ کے بعد فورسز اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیا اور مسلح افراد کو ڈھونڈ نکالنے کی کوشش کی تاہم وہ بھاگنے میں کامیاب رہے۔اس معاملہ میں پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔