شوپیان،کولگام// جنوبی کشمیرمیںجنگجومخالف مہم میں تیزی کے بیچ فوج ،فورسزاورپولیس نے واٹھوشرمال شوپیان اورآکھرن کولگام کاکریک ڈائون کرکے یہاں گھرگھرتلاشی لی۔ اس دوران کریم آباد پلوامہ میں شبانہ کریک ڈائون کے دوران پر تشدد جھڑپیں ہوئیں۔اتوار کوفوج ، فورسز اور ریاستی پولیس کی ٹاسک فورس ونگ کے اہلکاروں نے پہاڑی ضلع شوپیاں کے واٹھو شرمال گائوں کومحاصرے میں لیا ۔ کریک ڈائون کے دوران سیکورٹی اہلکاروں نے گھر گھر تلاشی کارروائی عمل میں لائی جبکہ اس دوران مکینوں اور کچھ مہمانوں سے بھی پوچھ تاچھ کی گئی ۔ لوگوں کے مطابق پوچھ تاچھ کے دوران ان سے جنگجوئوں کی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کی کوشش کی گئی ۔ اُدھر ضلع کولگام کے آکھرن گائوں ،جو کہ میر بازار کے نزدیک واقع ہے ،کو بھی فوج کا فورسز اور ٹاسک فورس اہلکاروں نے محاصرے میں لیا اور یہاں بھی گھر گھر تلاشی کارروائی کے ساتھ ساتھ عام لوگوں سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ تاہم کریک ڈائون اور تلاشی کے دوران کسی بھی جگہ جنگجوئوں سے سامنا نہ ہونے کے بعد محاصرہ ہٹایا گیا ۔ دریں اثناء کریم آباد پلوامہ میں سنیچر کی رات بستی کا محاصرہ کیا گیا جس کے دوران شدید جھڑپیں ہوئیں۔پتھرائو کرنے والے مظاہرین پر شدید شلنگ کی گئی اور یہاں یہ سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔