سرینگر// فوج کی طرف سے جنوبی کشمیر کے بجبہاڑہ میں پنچایت گھر پر قبضے کے خلاف جبلی پورہ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ بجبہاڑہ کے جبلی پورہ میں منگل کی رات کو فوج کی فسٹ آر آر کی طرف سے ایک پنچایتی گھر پر قبضے کے خلاف علاقہ ابل پڑا۔رپورٹوں کے مطابق فوج کی فسٹ آر آر پہلے ریلوئے اسٹیشن کے نزدیک تعینات تھی،اور بدھ کی صبح لوگ اس وقت حیران ہوئے،جب انہوں نے فوج کو پنچایت گھر میں دیکھا۔فوجی اہلکاروں کی پنچایت گھر میں موجودگی کے بعد اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے پنچایت گھر سے فوری طور پر فوجی انخلاء کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرین نے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ فوجی کیمپ کو قائم کرنے سے انہیں اپنی سلامتی کے حوالے سے خوف و تشویش لاحق ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے اسی بٹالین سے وابستہ اہلکاروں نے اسلام آباد (اننت ناگ) میں شمسی پورہ میں اپنا کیمپ قائم کرنے کی کوشش کی تھی،تاہم عوام کی طرف سے صدائے احتجاج بلند کرنے کے بعد ضلع انتظامیہ نے مداخلت کی،اور متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر نے فوج کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے امن و قانون کا معاملہ پیش آنے کے امکانات کے پیش نظر، اس علاقے میں فوجی کیمپ قائم نہ کرنے کیلئے کہا۔