سرینگر// کنٹرول لائن پر جنگ جیسی صورتحال اور وادی میں جنگجویانہ سرگرمیوں میں اضافے کے بیچ شمالی کمان کے فوجی سربراہ لیفٹنٹ جنرل ڈی انبو وادی پہنچ گئے،جہاں انہوں نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔دفاعی ذرائع کے مطابق انہوں نے بارہمولہ اور کپوارہ سرحدی علاقوں کا دورہ کیا اور اگلی چوکیوں کا معائنہ کیا۔ اس دورہ کے دوران ان کے ساتھ چنار کور کے کمانڈر لفٹنٹ جنرل اے، کے بھٹ تھے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق شمالی کمان کے فوجی سربراہ کو اس موقع پر سرحد پر موجودہ کمانڈروں نے گولہ باری اور جوابی آپریشن کے بارے میں جانکاری فرہم کی۔ذرائع کے مطابق انہوں نے’’ سیکورٹی فورسز کے نظم و ضبط اور دراندازی اور جنگ بندی کی خلاف ورزی سے نپٹنے کیلئے فوج کی طرف سے اپنائے گئے معیاری ضابطہ اخلاق کی سراہنا کی‘‘۔انہوں نے سیکورٹی فورسز کو زور دیا کہ وہ سرحدوں پر متحرک رہیں اوراسی طرح ڈیوٹی کو انجام دینے کے علاوہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نپٹنے اور جواب دینے کیلئے تیار رہیں۔شمالی کمان کے فوجی سربراہ نے گولہ باری سے متاثر ہوئے لوگوں کو راحت و امداد فرہم کرنے کی بھی تاکید کی۔ دفاعی ترجمان کے مطابق لیفٹنٹ جنرل ڈی انبو نے فورسز کی تمام ایجنسیوں کے درمیان سرحدوں اور میدانی علاقوں میں کسی بھی طرح کی صورتحال سے نپٹنے اور لوگوں کو محفوظ و پرامن ماحول فرہم کرنے کیلئے آپسی تال میل کی بھی سراہنا کی۔