اننت ناگ+کولگام// جنوبی کشمیرکے لاروکولگام گائوں اتوار کی صبح لہو لہان ہوگیا۔گائوں میںپہلے معرکہ آرائی کے دوران 3مقامی جنگجو جاںبحق اور 3فوجی اہلکار شدید زخمی ہوئے جس کے دوران پر تشدد کارروائیوں کے نتیجے میں کم از کم 25شہری پیلٹ اور گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے اور بعد میں ہلاکت خیز دھماکہ میں6شہریوں کی ہلاکت ہوئی، جس میں ایک 15سالہ لڑکا شامل ہے، اور دیگر 11مضروب ہوئے۔اس دوران کولگام انتظامیہ نے ضلع میں فون اور انٹر نیٹ سروس مکمل طور پر معطل کردی۔ہلاکتوں کیخلاف پورے جنوبی کشمیر میں ماتم کی لہر دوڑ گئی اور اننت ناگ و کولگام سمیت دیگر علاقوںمیں مکمل ہڑتال ہوئی جبکہ متعدد مقامات پر پر تشدد احتجاج بھی ہوا۔
معرکہ آرائی
کولگام ٹائون سے محض 4کلو میٹر دور لارو نامی گائوں کا 9آر آر، ٹاسک فورس کولگام اور سی آر پی ایف 18بٹالین نے مشترکہ طور پر اتوار کی صبح قریب 4بجے محاصرہ کیا اور ایک مخصوص مکان کے ارد گرد ناکہ بندی کردی۔صبح کے 5بجے یہاں موجود 3جنگجوئوں اور فورسز کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو 5گھنٹے تک جاری رہا۔ معرکہ آرائی میں پردیپ کمار اور جوکھنڈے کوئناپا سمیت 3فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔جنہیں بادامی باغ اسپتال منتقل کردیا گیا، جن میں سے پردیپ کمار کی حالت نازک تھی، جس کے پیٹ میں گولیاں لگیں تھیں۔بعد میں بارودی مواد سے مکان کو اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں مکان زمین بوس ہوا اور یہاں سے 3جنگجوئوں کی لاشیں بر آمد کی گئیں۔ جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت شاہد الاسلام تانترے وانگام شوپیان،یازل احمد مکرو آرونی بجبہاڑہ اور زبیر احمد لون ساکن آوہتو دمحال ہانجی پورہ کولگام کے طور پر کی گئی۔یہ تینوں جیش محمد سے وابستہ تھے۔
شہری ہلاکتیں
عینی شاہدین نے بتایا جب معرکہ آرائی جاری تھی تو ایک درجن دیہات کے لوگ یہاں جمع ہوئے اور انہوں نے فورسز پر چاروں طرف سے شدید پتھرائو کیا جس کے جواب میں فورسز نے شلنگ کی اور بعد میں پیلٹ کا استعمال کیا جبکہ مظاہرین کو براہ راست بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتئجے میں کم سے کم 3 نوجوانوں کو گولیاں لگیں ۔قریب 10بجے جب فورسز اہلکار علاقے سے جانے لگے تو سینکڑوں کی تعداد میں مظاہرین بشیر احمد ژکھ نامی شہری کے مکان کی طرف دوڑ پڑے اور وہ آگ کے شعلوں کو بجھانے میں مصروف ہوئے۔ دن کے ساڑھے 11بجے آگ کی تپش سے مکان کے اندر ایک طاقتور بارودی شل، جو پھٹنے سے رہ گیا تھا،زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا، جس کی زد میں آگ بجھانے والے درجنوں لوگ آگئے۔ یہ واقعہ مکان کے ورنڈا پر سیڑھیوں پر ہوا۔ کشمیر عظمیٰ فوٹو گرافر میر وسیم اس وقت یہاں عکس بندی کررہا تھا، جب یہ حادثہ پیش آیا۔ایک اور فوٹو گرافر سمیر مشتاق نے کہا’’ ہم یہاں دوڑ کے آئے اور ایک نوجوان کو بغیر بازوئووں کے دیکھا،ایک نوجوان کی چھاتی پر زخم تھے،ایک کا سر پٹھا ہوا تھا‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہم نے چلانا شروع کیا اور لوگ یہاں پہنچ گئے اور زخمیوں کو اٹھانا شروع کیا۔زخمیوں کو کولگام ضلع اسپتال پہنچایا گیا جن میں سے 3پہلے ہی فوت ہوئے تھے۔4کو سرینگر منتقل کردیا گیا، جن میں سے بعد میں مزید 3زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے۔جو شہری موقعہ پر ہی جاں بحق ہوئے ان میں طالب مقبول ولد محمد مقبول لاوے ساکن لارو،مقیم حفیظ بٹ ولد حفیظ اللہ بٹ ساکن لارواور ارشاد احمد پڈر ولد سنا اللہ ساکن شرت کولگام شامل ہیں جبکہ سرینگر میں اذیر احمد ڈار ولد مشتاق احمد ساکن محلہ ریشی پورہ کولگام ٹائون،منصور احمد ڈار ولد بشیر احمد ساکن بو گنڈ اور عبید احمد شاہ ولد غلام محمد ساکن ماکن پورہ شامل ہیں۔زخمیوں کو پہلے پرائمری ہیلتھ سنٹر یاری پورہ، بوگام اور کیموہ لیا گیا جہاں سے انہیں ضلع اسپتال اننت ناگ منتقل کردیا گیا۔
مظاہروں میں 25زخمی
جھڑپ کی جگہ پر مظاہرین اور فورسز میں تصادم آرائی کے دوران 25افراد زخمی ہوئے۔جونہی جھڑپ شروع ہوئی تو سینکڑوں مظاہرین جمع ہوئے اور انہوں نے فورسز کوالجھائے رکھا۔ انہوں نے آپریشن میں رخنہ ڈالنے کی غرض سے شدید پتھرائو کیا، جس کے جواب میں فورسز نے شلنگ کی۔ جب صورتحال بے قابو ہوئی تو پیلٹ چلائے گئے اور ہوائی فائرنگ کیساتھ ساتھ براہ راست بھی فائرنگ کی گئی۔اننت ناگ ضلع اسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ انہوں نے 3افراد کو گولی لگنے سے زخمی ہوئے پایا۔اسکے علاوہ 8افراد کو پیلٹ لگے تھے۔کولگام ضلع اسپتال کے ڈاکٹروں نے کہا کہ اسپتال میں مزید 11زخمیوں کو لایا گیا جنہیں بلٹ اور پیلٹ لگے تھے۔ان میں سے 4کو سرینگر منتقل کیا گیا۔ ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم ٹاک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اسپتال میں10زخمیوں کو لایا گیا جن میں سے 4دھماکہ سے جبکہ 6پیلٹ سے زخمی ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ دھماکہ سے زخمی ہونے والوں میں 2کی موت واقع ہوئی، ایک کو سکمز منتقل کیا گیا جبکہ ایک زیر علاج ہے۔پیلٹ زخمیوں میں سے 3کی آنکھوں میں پیلت آئے ہیں جن کی جراحی کی گئی۔صورہ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ نے کہا کہ صورہ میں کل دو زخمیوں کو لایا گیا جن میں سے ایک کی موت واقع ہوئی جبکہ ایک شدید زخمی کو جے وی سے بمنہ منتقل کردیا گیا ہے۔
مظاہرے و نماز جنازہ
۔3جنگجوئوں کے بعد 6شہریوں کی ہلاکت پر جنوبی کشمیر میں ماتم کی لہر دوڑ گئی اور کئی مقامات پر لوگ احتجاج کرنے لگے۔کولگام اوراننت ناگ میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوا ۔اس بیچ جنگلات منڈی و چینی چوک کے نزدیک سنگ باری کے واقعات پیش آئے ۔قصبہ میں بیشتر دکانیں بند رہیں ،جبکہ ٹریفک کی نقل وحرکت بھی متاثر رہی ۔اس بیچ ہانگل گنڈ کوکرناگ اور قاضی گنڈ میں بھی معمولی پتھرائو کا واقعات پیش آئے ۔کولگام معرکہ آرائی کے سبب بانہال سرینگر ریل سروس بند رہی ۔ سہ پہر کے بعد3جنگجوئوں اور 6شہریوں کی اپنے اپنے علاقوں میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔