ہیملٹن// پاکستان کے آل راؤنڈر شعیب ملک کو نیوزی لینڈ کے خلاف یہاں چوتھے ون ڈے میں سر میں چوٹ لگ گئی جس کے بعد وہ اپنی ٹیم کی بولنگ کے وقت فیلڈنگ کے لئے میدان میں نہیں اتر سکے اس کے ساتھ ہی شعیب ملک بقیہ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ہملٹن میں کھیلے جا رہے چوتھے ون ڈے میچ میں حارث سہیل کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک کی میدان میں آمد ہوئی لیکن اگلے ہی اوور میں سر پر گیند لگنے کے سبب وہ زمین بوس ہو گئے ۔مچل سینٹنر کی گیند پر انہوں نے رن لینے کی کوشش کی لیکن محمد حفیظ نے دلچسپی ظاہر نہ کی اور انہیں واپس کریز میں جانے کا اشارہ کیا جبکہ اس دوران نیوزی لینڈ کے کولن منرو نے کور سے آ کر گیند وکٹ کیپر کی جانب پھینکی جو سیدھا شعیب کے سر پر لگی جو اس وقت بغیر ہیلمٹ کے بیٹنگ کر رہے تھے ۔واضح رہے کہ گیند شعیب ملک کے سر پر لگنے کے بعد باؤنڈری پار کر گئی جس سے تھرو کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔