اننت ناگ// وزیر برائے مال ، امداد ، باز آبادکاری و تعمیر نو عبدالرحمان ویری نے کہا کہ ریاست کے دور دراز علاقوں میں صحت شعبے کی تعمیر و ترقی کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔وزیر نے اس کا اظہار کھرم اننت ناگ میں 10بستروں والے نیو ٹائپ پرائمر ی ہیلتھ سینٹر کا افتتاح کرنے کے بعد کیا۔ ویری نے ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ ہمہ وقت طبی اور تشخیصی سہولیات بہم رکھیں ۔انہوں نے کہاکہ صحت شعبے کو ریاست بھر میں معقول افرادی قوت اور تشخیصی آلات بہم رکھ کر ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت صحت شعبے کی مکمل تنظیم نو کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور عنقریب یہ شعبہ اپنی بہترین صورت میں عوام کے سامنے ہوگا۔انہوںنے کہا کہ صحت سہولیات کی فراہمی میں شفافیت طور جواب دہی کو یقینی بنانے کے لئے ایک موثر نگرانی نظام قائم کیا گیا ہے ۔وزیر مال نے صحت مرکز کا تفصیلی دورہ کر کے متعلقہ حکام کو مریضوں کو تمام سہولیات بہم رکھنے کی ہدایت دی ۔انہوںنے ملازمین کو ہسپتال میں صفائی و ستھرائی کا معقو ل انتظام کرنے کے لئے بھی کہا۔اس سے قبل وزیر مال نے زیارت شریف کھر م میں محکمہ سیاحت کی جانب سے تعمیر کی گئی ڈورمیٹری کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر وزیر نے کہا کہ حکومت زائرین کے لئے ہرممکن سہولیت دستیاب رکھے گی۔ انہوںنے یہا کہ ریاست میں مذہبی سیاحت کی کافی صلاحیت موجود ہے اور لوگ طول و عرض سے زیارت شریف کھر م پر حاجڑی دینے کے لئے آتے ہیں۔انہوں نے افسران کو زیارت گاہ دیوار بندی اور فٹ برج کی تعمیر کے کام میں سرعت لانے کے لئے کہا۔ انہوںنے متعلقہ حکام کو زیارت گاہ کے نزدیک مزید بیت الخلاء تعمیرکرنے کی ہدایت دی۔وزیر نے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ یونس احمد ملک ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر سلیم الرحمان، ایس ای اننت ناگ ، ناظم سیاحت کشمیر محمو د شاہ ،سی ایم او اننت ناگ اور ضلع کے دیگر افسران تھے۔