عظمیٰ نیوز سروس
کشتواڑ//ضلع انتظامیہ کشتواڑ نے آیوش محکمہ کے تعاون سے ضلع کشتواڑ میں ’یوگا برائے خواتین کو بااختیار بنانے‘‘ کے موضوع پر مبنی بین الاقوامی یوگا ڈے کے آغاز کے طور پر یوگا مہااُتسوا کا میگا ایونٹ منعقد کیا ۔ڈائرکٹر آیوش جموں و کشمیر ڈاکٹر موہن سنگھ اور ڈپٹی کمشنر کشتواڑ ڈاکٹر دیونش یادو کی رہنمائی میں 2 یوگا کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ضلع نوڈل آفیسر آیوش کشتواڑ ڈاکٹر وکرم سنگھ جموال کی نگرانی میں آئی سی ڈی ایس ڈپارٹمنٹ کشتواڑ اور اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کشتواڑ کے تعاون سے ہیلی پیڈ پڈر میں ایک یوگا کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا آغاز ڈاکٹر مونیکا شرما کے خواتین کو بااختیار بنانے اور صحت مندی کیلئے یوگا کی اہمیت پر ایک لیکچر سے ہوا۔ تقریب کے دوران یوگا کے مظاہرین کو خواتین کی صحت اور صفائی سے متعلق مختلف یوگا آسن اور پرانایام کا مظاہرہ کیا گیا۔ڈی ڈی سی ممبر ہری کرشن اس پروگرام میں بطور مہمان خصوصی موجود تھے۔یہ پروگرام خاص طور پر آنگن واڑی کارکنوں، اسکولی طلباء اور پدر علاقے کی مقامی خواتین کیلئے منعقد کیا گیا تھا۔ڈسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ میں ڈاکٹر طارق حسین کی نگرانی میں ایک اور میگا یوگا کیمپ کا انعقاد کیا گیا جہاں اے این ایم اسکول کے طلباء اور ڈرگ ڈی ایڈکشن سینٹر کے مریضوں نے مختلف یوگا آسنوں میں حصہ لیا اور انہیں مراقبہ کے مختلف طریقے اور ان کے فوائد سکھائے گئے۔اس پورے پروگرام کو میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ-یودھویر سنگھ، اے این ایم کالج کی تدریسی سہولت اور ڈی ایچ کشتواڑ کے عملے نے مربوط کیا۔ کیمپ میں تقریباً 65 شرکاء نے شرکت کی۔